ماہنامہ انوار مدینہ لاہور دسمبر 2010 |
اكستان |
|
مرکیش سے فیض کا فاصلہ تین سو میل سے زیادہ ہے ٹرین کافی کس کرایہ برطانوی سترہ پونڈ ہے یاد رہے کہ مراکش میں دو طرفہ کرایہ وصول نہیں کیا جاتا صرف یکطرفہ ٹکٹ جاری کیا جاتا ہے۔ ٹرین کا وقت صبح نو بجے تھا ہم نے ریلوے اسٹیشن سے ٹکٹ لیے اَور ٹرین کا اِنتظار کرنے لگے ٹرین اپنے وقت پر پہنچی اَور پورے وقت پر روانہ ہوئی ٹرینوں کا رنگ سرخ اَور پیلا ہے اِن دونوں رنگوں کو جدا کرنے کے لیے درمیان میںگرے رنگ کی ایک پٹی لگا دی گئی ہے۔ ٹرین کے اَندر کا ماحول پُر سکون اَور بہت عمدہ تھا، سیٹیں بہت اچھی اَور آرام دہ تھیں صفائی پر خاص توجہ دی گئی ہے مگر لیٹرین کی صفائی اَور پانی کا اِنتظام معیاری نہ تھا ۔مراکش میں ہمارا زیادہ تر سفر ٹرین کے ذریعے ہی تھا ہر ٹرین میں ایک ہی جیسی صورت ِحال تھی۔ مرکیش سے فیض تک کا سفر ٹرین آٹھ گھنٹے میں طے کرتی ہے دورانِ سفر ہم نے مشورہ کیا کہ آٹھ گھنٹے سفر میں گزارنے کی بجائے کیوں نہ ہم درمیان میں'' کا سا بلنکا'' اُتر جائیں جس کو مراکش میں ''دارالبیضائ'' کہا جاتا ہے یعنی سفیدی کا گھر۔ یہاں پر تمام عمارتوں کا رنگ سفید ہے جو اِس شہر کی پہچان ہے۔ ہم نمازِ ظہر کے قریب کاسا بلنکا پہنچ گئے یہ شہر مراکش کا صنعتی اَور ساحلی شہر ہے یہاں کا ساحل سمندر( بیچ) بھی کافی شہرت رکھتا ہے۔ غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں اِس شہر میں آتے ہیں اَور خوب اِنجوائے کرتے ہیں لیکن ہمارے دیکھنے کے لیے یہاں پر ''مسجد حسن ثانی ''اَور تبلیغی جماعت کا مرکز'' مسجد نور'' تھی۔ مسجد حسن ثانی : مسجد حسن ثانی کو دُنیا کی تیسری بڑی مسجد ہونے کا اعزاز حاصل ہے اِس مسجد کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ مسجد سمندر کے اُوپر بنائی گئی ہے، مسجد کے تین حصے پانی اَور ایک حصہ خشکی پر ہے ،اِس کے ہال میں پچیس ہزار نمازیوں کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے ۔ یہ مسجد سات سال کے قلیل عرصہ میں مکمل کی گئی ہے اِس مسجد کی خوبصورتی واقعی قابلِ دید اَور قابلِ تعریف ہے۔ پاکستان سعودی عرب برطانیہ جہاں کہیں بھی مساجد دیکھنے کا اِتفاق ہوا ہے مجھے یہ مسجد سب سے زیادہ خوبصورت لگی۔ پوری مسجد کے اَندر ایک خاص قسم کی لکڑی کا بہت خوبصورت اَور دیدہ زیب کام کیا گیا ہے اَور مسجد کو مختلف ڈیزائنوں کے فانوسوں کے ذریعہ مزین کیا گیا ہے۔ مسجد کے ہال میں فرش پر ایک بہت بڑا شیشہ نصب کیا گیا ہے جس سے آدمی نیچے سمندر کو چلتا ہوا دیکھ سکتا ہے۔ ظہر کی نماز ہم نے جماعت کے ساتھ اَدا کی