ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اپریل 2009 |
اكستان |
|
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ گزشتہ ماہ جہلم میں جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام کے مہتمم حضرت مولانا قاری خبیب صاحب رحمہ اللہ مختصر علالت کے بعد ساٹھ برس کی عمر پاکر رحلت فرماگئے۔ قاری صاحب بہت سی خوبیوں کے مالک تھے پوری زندگی دینی خدمات انجام دینے میں گزاری اُن کی وفات بہت لوگوں کو داغ ِمفارقت دے گئی۔ اُن کی جانشینی کے لیے اُن کے صاحبزادہ مولانا ابوبکر صدیق صاحب کاتقرر کیا گیا ہے اللہ تعالیٰ اُن کی دستگیری فرمائے تاکہ وہ اپنے والد اور دادا کی دینی اور ملی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے سرخرو ہوں۔ دُعاء ہے کہ اللہ قاری صاحب کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں اعلی مقام عطافرمائے اور اُنکے پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق نصیب ہو۔ فاضل دارالعلوم دیوبند شیخ الحدیث حضرت مولانا معزالحق صاحب گذشتہ ماہ رحلت فرما گئے۔ آپ دارالعلوم ٹَل صوبہ سرحد میں کئی سالوں سے دین کی خدمت سرانجام دے رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی دینی خدمات کو قبول فرماکر جنت الفردوس میں اعلی مقام عطافرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق نصیب ہو۔ شیفلڈ انگلینڈ کے محترم حافظ اکرم صاحب کے والد بزرگوار جناب الحاج عمر دین صاحب گزشتہ ماہ کمالیہ میں وفات پاگئے۔ اہل ِ اِدارہ اُن کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور تعزیت ِ مسنونہ پیش کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار ِ رحمت میں جگہ عطافرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب ہو۔ تاخیر سے موصولہ اطلاع کی مطابق جامعہ مدنیہ کے قدیم طالبعلم اور پنجاب یونیورسٹی دائرة المعارف کے چیئرمین مولانا ڈاکٹر محمود الحسن صاحب عارف کی والدہ محترمہ مختصر علالت کے بعد گذشتہ سے پیوستہ ماہ لاہور میں انتقال کر گئیں۔مرحومہ بہت نیک اور پارسا خاتون تھیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب ہو۔ جامعہ کے بہت ہی مخلص محترم حافظ فہیم الدین صاحب کے برادرِ نسبتی گزشتہ ماہ کراچی میں وفات پاگئے۔جناب عبدالعزیز بٹ صاحب بھی گذشتہ ماہ مختصر علالت کے بعد وفات پاگئے ،مرحوم بہت پابند صوم و صلوة تھے۔''دارالعلوم لاہور'' شاہدرہ کے مہتمم مولانا احمد یار صاحب کی اہلیہ صاحبہ زچگی کے دوران شہادت پاگئیں۔ جامعہ کے خادم ظہور احمد کی خالہ بھی گذشتہ ماہ وفات پا گئیں۔ اللہ تعالیٰ جملہ مرحومین کی مغفرت فرما کر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔جامعہ مدنیہ جدید اور خانقاہِ حامدیہ میں جملہ مرحومین کے لیے ایصال ثواب کرایا گیا ۔اللہ تعالیٰ قبول فرمائے،آمین۔