اللہ کا خوف اور فکر آخرت وہ مضبوط زنجیر ہے جو انسان کو معاصی کے راستے پر چلنے سے بالکل روک دیتی ہے۔
(۲) موثر دینی و ا خلاقی تربیت
والدین کی طرف سے گھروں میں اور اساتذہ کی طرف سے تعلیم گاہوں میں ایساماحول فراہم کیا جانا ضروری ہے کہ اولاد خیر کی طرف راغب ہو، برائیوں سے نفرت کرنے والی بنے، منشیات کے مضر اثرات سے باخبر ہو، ان کی ایسی تربیت کی جائے کہ وہ نشہ سمیت تمام جرائم سے بالکلیہ نفرت کرنے والے بن جائیں ، کردار سازی میں تعلیم وتربیت کاکردار سب سے بنیادی ہوتا ہے اوراس حوالے سے سب سے بڑھ کر ذمہ داری والدین کی ہے کہ وہ صحیح خطوط پر اولاد کی رہنمائی کریں ، ان کی نگرانی رکھیں ، ان کو برے ماحول سے اور مخرب اخلاق امور و عناصر و اسباب سے مکمل بچائیں ۔
(۳) قرآنی و دینی تعلیم
نصوص، تجربات اورمشاہدات سب سے ثابت ہوچکا ہے کہ جوافراد قرآنی اوردینی تعلیم سے آراستہ ہوتے ہیں ، اور اسے اپنا مشغلہ بنالیتے ہیں وہ بالعموم جرائم سے محفوظ رہتے ہیں ، اور بطورخاص نشے بازی اور اس جیسے گناہوں سے تو بالکل الگ رہتے ہیں ، صاحب ایمان سماج میں ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے لئے اور اپنے تمام متعلقین کے لئے قرآن کی اور بنیادی دینی تعلیم کو ضروری سمجھے، زندگی کا سفر اس کے بغیر صحیح سمت میں جاری نہیں رہ سکتا او رمنشیات سمیت دیگر جرائم سے تحفظ کے لئے بھی یہ بنیادی ضرورت ہے۔