سماج کو نشے کی لعنت سے بچانے کی بنیادی تدبیریں
سماج میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رواج کو ختم کرنے اور سماج کو اس برائی سے بچانے کے لئے کیا تدبیریں ہوسکتی ہیں ، ذیل میں چند ضروری امور کا ذکر کیا جاتا ہے :
(۱) ایمانی جذبات او راللہ کا خوف بیدار کرنا
تما م برائیوں کے سد باب اور ہر نوع کی مجرمانہ عادتوں کو ختم کرنے کے لئے اس کی ضرورت ہوتی ہے کہ ایمانی جذبات بالکل بیدار کردیئے جائیں ، اوراللہ کا خوف جگا دیا جائے، برائیوں سے نفرت پیدا کرنے کا سب سے کارگر نسخہ ایمانی جذبات کی بیداری اوراللہ کی بارگاہ میں جواب دہی کا مکمل استحضار ہے ، قرآن میں صحابہ کے تذکرے میں آیا ہے :
وَلَکِنَّ اللّٰہَ حَبَّبَ إِلَیْکُمُ الإِیْمَانَ وَ زَیَّنَہُ فِیْ قُلُوْبِکُمْ وَ کَرَّہَ إِلَیْکُمُ الْکُفْرَ وَالْفُسُوْقَ وَالْعِصْیَانَ۔ (الحجرات/۷)
اللہ نے تمہا رے لئے ایمان کومحبوب اور دل پسند بنادیا اور تم میں کفر ، فسق اور نافرمانی کے کاموں کی نفرت پیدا کردی۔