ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جولائی 2013 |
اكستان |
|
شیخ الحدیث حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب کی کوئٹہ آمد : یکم جون بروزہفتہ حضرت صاحب دوپہر ڈیڑھ بجے کوئٹہ مطارپر پہنچے۔ تقریبًا دو بجے حضرت شبانِ ختم نبوت بلوچستان کے مرکز جامع مسجد اِبراہیم کلی دیبہ میں پہنچے۔ جامعہ مدنیہ جدید کے فضلاء کی بڑی تعداد نے حضرت کے ساتھ دوپہر کا کھانا تناول فرمایا خصوصًا عالمی مجلس تحفظ ِ ختم ِ نبوت بلوچستان کے نائب اَمیر، خطیب جامع مسجد سنہری حضرت مولانا قاری عبداللہ صاحب منیر دامت برکاتہم بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ بعد اَز نمازِ عصر علمائِ کرام کے لیے اِستقبالیہ اَور حضرت سے ملاقات کا پروگرام تھا جس میں جامعہ مدنیہ جدید کے بہت سارے نئے پرانے حضرات نے حضرت سے ملاقات کی خصوصًا حضرت مولانا قاری فضل الحق صاحب حقانی مدظلہم نے بھی حضرت سے ملاقات کی۔ بعد اَزاں نمازِ مغرب حضرت کا کوئٹہ کرانی روڈ پر دفاعِ ختم ِ نبوت کانفرنس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو تھے جہاں آپ نے اِختتامی بیان کیا اَوردُعا فرمائی ۔بعد اَز نماز ِ عشاء جامعہ کے فاضل مولانامحمد عثمان صاحب رُکن ِ شوریٰ شبانِ ختم نبوت بلوچستان کے گھر پر کھانا تناول فرمایا۔ ٢ جون بروز اِتوار حضرت نے طوغی روڈ کوئٹہ کے مدرسہ تعلیم القرآن میں بیان فرمایا بعد اَزاں حضرت مولانا طلحہ صاحب رُکن ِ شوریٰ شبانِ ختم ِ نبوت بلوچستان کے گھر میں دُعا فرما کر حضرت جامعہ سراج العلوم سر کی روڈ کوئٹہ کے حضرت مولانا عبدالولی صاحب مہتمم جامعہ ہذا کی دعوت پر جامعہ میں دُوسرا سالانہ دورۂ تفسیر کا اِفتتاح کیا اَور دُعا ئے خیر فرمائی۔ دوپہر کا کھانا حضرت نے نائب اَمیر شبانِ ختم نبوت بلوچستان حضرت مولانا مفتی ولی اللہ صاحب کے گھرپر تناول فرمایا اَور قیلولہ فرمایا ، بعد اَز نمازِعصر حضرت جامع مسجد اِبراہیم میں منعقدہ سالانہ تاجدارِ ختم ِ نبوت کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے جہاں حضرت نے جامع بیان فرمایا اَورآخر میں دُعا فرمائی عشاء کا کھانا حضرت نے بھائی عبدالحفیظ صاحب کے گھر تناول فرمایا۔