ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اگست 2008 |
اكستان |
|
اخبار الجامعہ ( محمد عامر اخلاق ،متعلم جامعہ مدنیہ جدید) ١٣ رجب المرجب مطابق ١٧ جولائی کو حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب دامت برکاتہم نے جامعہ مدنیہ جدید میں مجوزہ پچیس ہزار گیلن پر مشتمل پانی کی ٹنکی کا سنگ ِبنیاد رکھا، اللہ تعالیٰ آسان فرما کر قبول فرمائے اور اِس کارِخیر میں حصہ لینے والے بندگان ِخدا کو اجر ِعظیم عطا فرما کر صدقۂ جاریہ بنائے،آمین۔ ١٧ جولائی کولال مسجد علماء ایکشن کمیٹی کے وفد کی جامعہ مدنیہ جدید میں آمد ہوئی اور ١٠ اگست کو لاہور میں ''تحفظِ مدارس '' کے سلسلہ میں ہونے والے جلسۂ عام کے بارے میں حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب سے مشاورت ہوئی۔وفد کے ممبران میں حضرت مولانا قاضی عبدالرشید صاحب(راولپنڈی) ، حضرت مولانا ظہور صاحب علوی (اسلام آباد)، مولانا سعید صاحب (اسلام آباد)اور مولانا نذیر احمد صاحب فاروقی(اسلام آباد) و دیگر حضرات تھے۔ ١٧ جولائی کوشیخ الحدیث حضرتِ اقدس مولانا سیّد محمود میاں صاحب دامت برکاتہم اپنے رُفقاء مولانا خلیل الرحمن صاحب، مولانا عبدالباسط صاحب، محمد فرحان صاحب اورراقم الحروف کے ہمراہ جامعہ عثمانیہ للبنات بھچر ضلع قصور کے مہتمم قاری جمال الدین صاحب کی دعوت پر ختم ِ بخاری شریف کی تقریب کے سلسلہ میں جامعہ عثمانیہ للبنات تشریف لے گئے۔حضرت نے بخاری شریف کی آخری حدیث شریف پڑھائی اور بیان فرمایا، بیان کے بعد قاری جمال الدین صاحب کی صاحبزادی کا نکاح پڑھایا۔ بعد اَزاں کھانا تناول فرمایا۔ اس موقع پرمولانا عبد الغنی صاحب صدرِ جمعیت ضلع قصور سے ملاقات فرمائی، کچھ دیر گفت و شنید کے بعد قاری جمال الدین صاحب سے اجازت لی اور دوپہر دو بجے واپس جامعہ مدنیہ جدید تشریف لے آئے۔ ١٦ رجب المرجب مطابق ٢٠جولائی بروز اتوار بعد نمازِ عصر جامعہ مدنیہ جدیدمیں ختم ِبخاری شریف کے موقع پر ایک پُر وقار تقریب کا اِنعقاد ہوا۔ شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاںصاحب مدظلہم نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھاکر مختصر بیان فرمایا اور دُعاء فرمائی۔