ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اگست 2008 |
اكستان |
|
تقریب ختم ِ بخاری شریف جامعہ مدنیہ جدید میں تقریب ختم ِ بخاری شریف کی مختصر رُوداد ( بقلم : مولانا محمد عابد صاحب ،فاضل جامعہ مدنیہ لاہور ) ختم ِبخاری شریف کی تقریب کا انعقاد ١٦ رجب المرجب مطابق ٢٠جولائی بروز اتوار بعد نمازِ عصر جامعہ مدنیہ جدید کی مسجد حامد میں ہوا۔ شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاںصاحب مدظلہم نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھاکر مختصر بیان فرمایا اور دُعاء فرمائی۔ اِس موقع پر جامعہ کے اَساتذہ، طلباء اور بڑی تعداد میں بیرونی اور مقامی حضرات نے شرکت فرمائی اِس تقریب کا باقاعدہ آغاز جامعہ کے متعلم اَحسن خدامی صاحب کی تلاوت ِ کلام پاک سے ہوا۔تلاوت ِقرآن پاک کے بعد جامعہ مدنیہ جدید کے فاضل میواتی برادران نے ہدیہ نعت ِ رسول ِ مقبول پیش کی۔ ہدیہ ٔ نعت کے بعد فاضل جامعہ مدنیہ جدید میواتی برادران نے ایک بار پھر جامعہ مدنیہ جدید پر اپنی تخلیق کردہ مشہور دُعائیہ نظم ''خدا یا پڑھنا قبول کر لے،ہمارا پڑھنا قبول کر لے''نہایت پُرسوز اَنداز میں پڑھ کر حاضرین سے دادِ تحسین لی۔ اِس کے بعد جامعہ مدنیہ جدید کے ناظم تعلیمات و اُستاذالحدیث حضرت مولانا خالد محمود صاحب مدظلہم نے مختصر بیان فرمایا۔ بعد اَزاںجامعہ مدنیہ جدید کے اُستاذ الحدیث حضرت مولانا محمد حسن صاحب مدظلہم نے بیان فرمایا۔ آپ نے اپنے بیان میں اَکابرین کی رفعت ِ شان کے سلسلہ میں ترغیبی واقعات سُنائے۔ علماء و اَکابر کے اَدب و احترام پر زور دیا اور علم سیکھنے کی ترغیب دی۔ اِس کے بعدحضرت مولانا سرفراز خان صاحب صفدر کے پوتے اَحسن خدامی متعلم جامعہ مدنیہ جدید نے اَلوداعی نظم ''ہے آج جدائی کی محفل ہم بزم ِرفیقاں چھوڑ چلے '' پڑھی ۔ آخر میں شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب نے بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھا کر حدیث و علم ِ حدیث کی فضیلت اور موجودہ حالات سے متعلق مختصر بیان اور اِختتامی دُعاء فرمائی۔