ماہنامہ انوار مدینہ لاہور دسمبر 2006 |
اكستان |
|
درس حدیث حضرت اقدس پیر و مرشدمولانا سید حامد میاںصاحب کے مجلسِ ذکر کے بعد درسِ حدیث کا سلسلہ وار بیان ''خانقاہِ حامدیہ چشتیہ'' رائیونڈروڈلاہور کے زیرِانتظام ماہنامہ'' انوارِ مدینہ'' کے ذریعہ ہر ماہ حضرت اقدس کے مریدین اور عام مسلمانوں تک با قاعدہ پہنچا یا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت اقدس کے اِس فیض کو تا قیا مت جاری و مقبول فرمائے ۔(آمین ) انبیاء اور فرشتوں کی فراست ۔ دُنیا کا سب سے پہلا مفصل معاہدہ ''اقوامِ متحدہ'' کی مدینہ منورہ پر چڑھائی ۔ کفار کی سیاسی اور فوجی شکست اقدامی جہاد ۔ حضرت سعد کا جنازہ ہلکا ہونے کی وجہ ( تخریج و تزئین : مولانا سےّد محمود میاں صاحب ) کیسٹ نمبر ٥١ سائیڈ بی ( ١٩٨٥ ۔٩۔١٣) الحمد للّٰہ رب العالمین والصلٰوة والسلام علٰی خیر خلقہ سیدنا ومولانا محمد وآلہ واصحابہ اجمعین امابعد ! حضرتِ انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک واقعہ نقل کرتے تھے کہ حضرتِ سعد ابن معاذ رضی اللہ عنہ کا جنازہ جب اُٹھایا گیا تو وہ بہت ہلکا تھا۔ تو جو منافقین تھے وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ نکتہ چینی کرتے ہی رہتے تھے۔ اِنہوں نے کہا کہ یہ تو بہت ہی ہلکا جنازہ تھا۔ اَب کفار کے یہاں جنازے بھاری کس وجہ سے ہوجاتے تھے اور بھاری کو وہ کیوں پسند کرتے تھے اِس کی کوئی معین وجہ تو نہیں ہے۔ البتہ ان کا دستور تھا کہ جو میت کا مال ہوتا تھا وہ بھی ساتھ لے جاتے تھے قبرستان تک۔ وہ مال ساتھ میں رَکھ دیتے ہوں گے تو وہ بھاری ہوجاتا ہوگا۔ تو اِسلام میں یہ طریقہ نہیں ہے۔ یا یہ ہے کہ وہاں واقعی اَثرات پڑتے ہیں جنازے کے بھاری اور ہلکے ہونے میں، کہ گناہوں کی وجہ سے بھاری، گناہ کم ہوں تو کم بوجھ۔ بہرحال اُنہوں نے ایک بات بلاوجہ کی اُڑادی اور اُس میں پھر یہ ہوجاتا ہے کہ جن لوگوں کو پتہ نہیں ہے یا جن لوگوں نے کوئی بات پُرانی سن رکھی ہے اُس کے مطابق