ابتدائیہ
عید الاضحی اس امت کے لئے ایک عظیم الشان تہوارہے، اسلام کا شعار اورسیدنا ابراہیمؑ کی عظیم یادگارہے۔
یہ قربانی جہاں فی نفسہ ایک عظیم عبادت اورشعار اسلام ہے وہیں یہ قربانی امت مسلمہ کو عظیم الشان سبق بھی دیتی ہے کہ یہ امت اپنے آپ کو کامل مسلمان بنائے سراسر اتباع اوراطاعت کاجذبہ اپنے اندر پیداکرلے اور زندگی کے ہرشعبہ میں اسلام کی صحیح اورحقیقی روح’’جذبہ اتباع‘‘کے ساتھ جینے کا سلیقہ سیکھ لے۔
زیرنظر کتابچہ میں اسی سلسلہ کے مضامین ہیں،جودراصل بیان کے مضامین ہیں، اللہ تعالیٰ جزائے خیرمرحمت فرمائے جناب مولانا علی حسن صاحب مظاہری زیدمجدہ کوکہ انہوں نے فکرواہتمام کے ساتھ اس کوعام افادہ کی غرض سے شائع کیا۔
موصوف اس سے پہلے بھی احقرکی کچھ کتابیں’’اسلاف کی طالب علمانہ زندگی‘‘ محبت رسول ،عید الفطرکا پیغام ،شب برأت کا پیغام،رمضان المبارک تربیت کا مہینہ‘‘شائع کرچکے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ موصوف محترم کو علمی عملی ترقیات سے نوازے اوراس مختصر رسالہ کو شرف قبول عطافرمائے۔(آمین یارب العالمین
کتبہ ٗ
حفظ الرحمن پالنپوری(کاکوسی)
خادم مکاتب قرآنیہ(بمبئی)
۷؍جمادی الثانی ۱۴۳۰ھ
مطابق یکم جون۲۰۰۹ء