ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اپریل 2017 |
اكستان |
|
حرف آغاز سید محمود میاں نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِےْمِ اَمَّا بَعْدُ ! اپنے وطن سے محبت ایک قدرتی امر ہے جس کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی ذاتی ضرورتوں پر ملکی ضرورتوں کو مقدم رکھیں اور اِس پر پوری طرح سے عمل تب ہی ممکن ہوتا ہے جب مذہبی اعتبار سے قوم کی بنیاد متعین بھی ہو اور مضبوط بھی ۔ اس اصول کی اہمیت اور ضرورت پر ہر دانشمند ملک کی مقتدرہ قوتوں کوہمیشہ سے توجہ دلاتا چلا آرہا ہے ۔ ہماری دانست میں پہلی بار اِسی اصول کی اہمیت کے احساس سے لبریز ایک تحریر ہماری نظر سے گزری جو افواجِ پاکستان کے سابق سالارِ اعظم جنرل اسلم بیگ کے قلم سے'' ہماری پراگندہ سوچ کے منفی اثرات '' کے زیرِ عنوان صادر ہوئی جس میں اُنہوں نے رسمی اور غیر ضروری مصلحتوں کی پروا کیے بغیر اخلاقی جرأت سے کام لیتے ہوئے اپنے اندر کی خامیوں کی نشاندہی کی ہے ،خطرات میں گِھرے وطن ِعزیز کی اگلی نسلوں کو درست سمت پر لانے کے لیے جو تجاویز پیش کی ہیں وہ بہر حال قابلِ قدر ہیں۔ کیا اچھا ہوتا کہ ریٹائر ہونے سے پہلے اِن پر عمل درآمد کی سنجیدہ کوشش کی گئی ہوتی تو علماء ِ اُمت کی فکر سے ہم آہنگ یہ تجاویز تازہ دم گھوڑے کی ایسی جست ہوتی کہ اُس کے بعد کی ہرمنزل آسان ہوتی چلی جاتی مگر افسوس گزرا وقت ہاتھ نہیں آتا۔