ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مارچ 2015 |
اكستان |
|
''اُس کی سلطنت ہے آسمانوں اور زمینوں پر،وہی حیات دیتا ہے اور وہی موت دیتا ہے۔''( سورہ ٔاَنعام آیت ١٠٢ ) ''ہر چیز پر قادر ہے، وہی پہلے ہے وہی پیچھے، وہی ظاہر ہے اور وہی مخفی اوروہی ہر چیز کا خوب جاننے والا ہے۔'' (سورۂ حدید آیت ٣،٢ ) جتنے نبی اور رسول آئے اُن سب کی تصدیق کرو اور اِیمان لاؤ : ہر قوم کے لیے رہنما ہوئے ہیں۔ (سورہ ٔرعد آیت ٧) ہر ایک اُمت (اِنسانی گروہ ،قوم) میں نبی گزرے ہیں۔ (سورۂ فاطر آیت ٢٤) جتنے نبی گزرے ہیں بلا تفریق سب پر اِیمان لانا ضروری ہے(سورۂ بقرہ آیت ١٣٦ (خلاصہ)۔سورۂ بقرہ آیت ٢٥٨(خلاصہ )۔ سورۂ آلِ عمران آیت ٨٤(خلاصہ ) ۔ وہ کافر ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اُن میں سے بعض کومانتے ہیں اور بعض کو نہیں مانتے۔ (سورۂ نساء آیت ١٥٠(خلاصہ)۔ اور جو لوگ اللہ اور اُس کے رسولوں پر اِیمان لائے اور اُن میں سے کسی ایک کوبھی دُوسرے سے جدا نہیں کیا (کہ اُس کو نہ مانا ہو) تو بلاشبہ ایسے ہی لوگ ہیں (جو سچے مومن ہیں) ہم عنقریب اُنہیں اُن کے اَجر عطا فرمائیں گے ۔(سورہ نساء آیت ١٥١) اَنبیاء اور رسولوں کی حیثیت : تمام اَنبیاء اور رسولوں کا یہی قول رہا ہے ہم اِس کے سوا کچھ نہیں کہ تمہاری طرح کے آدمی ہیں لیکن اللہ جس کو چاہتا ہے اپنے فضل اور اِحسان کے لیے چن لیتا ہے۔ (سورۂ اِبراہیم آیت ١١) رواداری : جو لوگ خدا کے سوا دُوسری ہستیوں کو پکارتے ہیں تم اُن کے معبودوں کوبرابھلا نہ کہو (اُن کے حق میں بدکلامی نہ کرو) پھر وہ بھی حد سے بڑھ کربے سمجھے اللہ تعالیٰ کوبرا کہنے لگیں گے۔