پانچواں باب
طب وعلاج
اسلام دین فطرت ہے اور اس نے قدم قدم پر انسانی ضروریات کا خیال کیا ہے اس نے اپنے آپ کو مشقت میں ڈالنے اور اللہ کی نعمتوں کو اپنے آپ پر حرام کرلینے میں نجات کا سبق نہیں دیا ہے بلکہ خدا کی نعمتوں سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے حدوداللہ پر قائم رہنے کو انسانی اورروحانی کمال بتایا ہے ۔ اس کی نگاہ میں انسان کا وجود اوراس کی حیات خود اس کے لئے ایک ’’امانت ‘‘ خداوندی ہے ۔ اس کی حفاظت صرف اس لئے ضروری نہیں کہ انسانی فطرت اس کا تقاضا کرتی ہے بلکہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ اس سے انحراف خدا کی امانت کے ساتھ خیانت اور حق تلفی ہے ۔ اسی تصور کے تحت اسلام ’’فن طب ‘‘ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور علاج کو نہ صرف جائز اور درست بلکہ بعض حالات میں واجب اور ضروری قرار دیتا ہے ، عالمگیری میں ہے کہ اگر دوا کو سبب سمجھ کر اور خدا کو اصل شافی یقین کرکے علاج کرایا جائے تو کوئی مضائقہ نہیں الاشتغال بالتداوی لا بأس بہ اذا اعتقد ان الشافی ھو اللہ تعالی (۱)
-------------------------------------------------
(۱) عالمگیری ۲؍ ۲۵۴