ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مئی 2011 |
اكستان |
|
عاشقِ قرآن حضرت مولاناقاری شریف احمدصاحب ( مولانا محمد عابد صاحب، ناظم صُفَّہ ٹرسٹ لاہور ) نام : شریف اَحمد صدیقی پیدائش : ١٣٣٢ھ/ ١٩١٤ء میں کیرانہ ضلع مظفر نگر(اِنڈیا) والدین کر یمین : والد صاحب کا نام نیاز اَحمد صدیقی ہے۔آپ کی و فات ١٩ جمادی الاولیٰ ١٣٦٦ھ / ١٢ اپریل ١٩٤٧ء بروز ہفتہ کیرانہ ضلع مظفر نگر میں ہوئی۔ آپ کی والدہ ماجدہ کا اِنتقال ٢٧ ربیع الثانی ١٣٧١ھ/ ٢٥ جنوری ١٩٥٢ ء بروز جمعة المبارک کراچی میں ہوا اَورقبرستان میوہ شاہ (کراچی) میں تدفین ہوئی۔ اِبتدائی تعلیم : ١٣٤٢ھ / ١٩٢٤ء میں تعلیم کی بسم اللہ ہوئی۔ قاعدہ اَور ناظرہ سے فراغت کے بعد صرف دو سال کے قلیل عرصہ میں ماہِ شعبان ١٣٤٦ھ میں قرآنِ پاک کے حفظ کی سعادت سے بہرہ مند ہوئے۔ حفظ میں آپ کے اُستاذ حضرت حافظ رحمت اللہ صاحب کیرانوی تھے۔ حضرت قاری صاحب رحمہ اللہ نے پہلی تراویح سترہ سال کی عمر میں ١٣٤٩ھ / ١٩٣١ء پہاڑ گنج دہلی میں پڑھائی۔ درسِ نظامی کی تعلیم : قرآنِ کریم حفظ کے بعد آپ کے والد ماجد نے آپ کو حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ صاحب رحمہ اللہ کی زیر تربیت مدرسہ اَمینیہ دہلی میں داخل کروایا۔ یہاں آپ نے کافیہ تک تعلیم حاصل کی۔ اِس دوران مدرسہ عالیہ فتح پوری جا کر حضرت مولانا قاری حامد حسین صاحب سے تجوید کی مشق بھی کرتے رہے۔ ١٣٥١ھ / ١٩٣٣ء میں دارُالعلوم دیو بند میں داخلہ لیا لیکن آب و ہوا راس نہ آنے کے سبب چند ماہ بعد دہلی آ کر مدرسہ عالیہ فتح پوری میں داخلہ لے لیا اَور موقوف علیہ تک تعلیم حاصل کی۔ مدرسہ عالیہ میں آپ نے جن اَساتذۂ کرام سے کسبِ فیض کیا اُن میں سے چند نمایاں نام درجِ ذیل ہیں : (١) حضرت مولانا فخر الحسن صاحب (م: ١٩٨٠ئ) شیخ الحدیث دارُالعلوم دیو بند