ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اپریل 2010 |
اكستان |
|
اُمت ِمسلمہ کی مائیں قسط : ١٤ حضرت زینب بنت ِ خزیمہ رضی اللہ عنہا ( حضرت مولانا محمد عاشق الٰہی صاحب بلند شہری ) حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا سے نکاح کرنے کے بعدآنحضرت ۖ نے خزیمہ کی بیٹی حضرت زینب رضی اللہ عنہا سے نکاح کیا ۔یہ بڑی صدقات و خیرات والی تھیں ۔اِسلام سے پہلے ہی اِن کو اُمّ المساکین (مسکینوں کی ماں ) کہا جاتا تھا کیونکہ مسکینوں کی خیر خبر بہت رکھتی تھیں ۔ اِن کا پہلا نکاح حضرت عبداللہ بن جحش سے ہوا تھا جب وہ اُحد میں شہید ہو گئے تو آنحضرت ۖ نے اِن سے نکاح کر لیا ۔ اِن کے پہلے شوہر کے بارے میںبعض علماء کے اَور قول بھی ہیں ۔ چنانچہ ابن الکلبی فرماتے تھے کہ اِن کے پہلے شوہر طفیل بن حارث تھے جب اُنہوں نے طلاق دے دی تو اُن کے بھائی عبیدة بن الحارث نے نکاح کر لیا جب وہ بدر میں شہید ہوگئے تو آنحضرت ۖ نے اِن سے نکاح فرمایا جو رمضان ٣ھ میں ہوا ۔ نکاح کے بعد آٹھ ماہ آنحضرت ۖ کے نکا ح میں رہ کر ربیع الثانی ٤ھ میں وفات پائی ۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ آپ کے نکاح میں صرف تین ماہ رہیں اِس کے بعد وفات پائی ۔ سیرت اَور تاریخ لکھنے والوں میں سب ہی کا اِس پر اِتفاق ہے کہ اُم المومنین حضرت زینب بنت ِخزیمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی وفات آنحضرت ۖ کی زندگی ہی میں ہوئی اَور مدینہ منورہ میں سب سے پہلے آپ ۖ کی بیویوں میں سے اِن ہی کی وفات ہوئی ۔ (استیعاب و اصابہ )