ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اپریل 2010 |
اكستان |
|
اِسلام میں اِنسان کامقام ( حضرت مولانا مفتی محمد سلمان صاحب منصورپوری،اِنڈیا ) قرآن کریم کے مطالعہ سے معلوم ہو تا ہے کہ دُنیا کی تمام مخلوقات میں اِنسان کو سب سے زیادہ شرافت اور عظمت حاصل ہے، صورت وسیرت، اِستعداد او ر صلاحیت اور کمال علم وفضل میں اِنسان تمام مخلوقات پر فضیلت اور امتیاز رکھتا ہے۔ اِنسان کی حسن ِتخلیق بیان کرتے ہوئے قرآن کریم میں بطور ِتاکید چار قسمیں کھاکر اِرشاد فرمایا گیا : وَالتِّیْنِo وَالزَّیْتُوْنِo وَطُوْرِ سِیْنِیْنَo وَہٰذَا الْبَلَدِ الْاَمِیْنِo لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍo(سورة التین ١ـ٤) قسم انجیر کی اور زیتون کی اور طور سنین کی اور اس امن والے شہر کی، ہم نے آدمی کو بہترین اَندازے پر بنایا ہے۔ اِنسان اپنے اعضاء کے اعتبار سے سب سے متناسب جسم رکھنے والا ہے مثلاً دو پیر وں پر بے تکلف کھڑے ہو کر اَد ب اور وقار سے اپنے ہاتھوں سے کھاتا اور پیتا ہے جبکہ دیگر چوپائے براہِ راست منہ سے چرتے اور کھاتے ہیں۔ اِسی طرح اِنسان کو سو چنے سمجھنے اور غور کرنے کی ایسی صلاحیت ملی ہے جو اِس انداز سے کسی اَور کو حاصل نہیں ہے۔ ایک موقع پر اللہ تبارک و تعالیٰ نے یہ اِرشاد فرمایا : وَلَقَدْ کَرَّمْنَا بَنِیْ اٰدَمَ وَحَمَلْنٰہُمْ فِی الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنٰہُمْ مِّنَ الطَّیِّبَاتِ وَفَضَّلْنٰہُمْ عَلٰی کَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِیْلًا. (سورہ بنی اسرائیل٧٠) اور ہم نے عزت دی آدم کی اولاد کو اَور سواری دی اِن کو جنگل اور دریا میں، اَور روزی دی ہم نے اِن کو ستھری چیزوں سے، اَور بڑھادیا ہم نے ان کو بہتوں پر جن کو پیدا کیا ہم نے بڑائی دے کر۔