ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2006 |
اكستان |
|
سلسلہ نمبر٢٠ ''الحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔(ادارہ) مروان اور یزید ؟ ٧٨٦ محترم و مکرم دام مجدکم ! السلام علیکم ورحمة اللّٰہ وبرکا تہ ایک صاحب نے ایک چارٹ بنایا تھا جس میں مروان اور یزید کو خلفاء اور بارہ اماموں میں شمار کیا تھا۔ لَافَتٰی اِلَّا مُحَمَّد کی جدت بھی کی تھی اور بھی کچھ سوالات تھے۔ ان کے جواب میں یہ خط لکھا گیا ہے : ............ حامد میاں ٧٨٦ محترم و مکرم ............................. السلام علیکم ورحمة اللّٰہ وبرکاتہ' آپ کا خط موصول ہوا۔ خوشی ہوئی کہ جو بات سمجھ میں نہ آئے وہ آپ پوچھ لیتے ہیں۔ آپ کے خط میں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے اسم گرامی کے ساتھ امام کا لفظ ہے، حضرت امام صدیق آپ نے لکھا ہے۔ چاہے امام کا لفظ شیعوں کے جواب کے لیے کتنا بھی بڑا کیوں نہ ہو مگر طبعیت کو کچھ اچھا نہیں لگا۔ وہ خلیفۂ رسول اللہ ۖ تھے اور اِس سے بڑا مقام اس اُمت میں کوئی نہیں۔ میرے خیال میں اگر آپ امام کا لفظ لکھنا چاہیں تو ''خلیفة رسول اللہ ۖ امام الامة ابوبکر الصدیق'' لکھا کریں۔