ماہنامہ انوار مدینہ لاہور ستمبر 2005 |
اكستان |
|
سلسلہ نمبر١٥ ''الحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔(ادارہ) عظمت ِقرآنِ کریم بزبان رسالتمآب ۖ ( نظر ثانی و عنوانات : مولانا سےّد محمود میاں صاحب ) باسمہ سبحانہ وتعالیٰ اس موضوع پر مضامین لکھے جاتے رہے ہیں، میں چاہتاہوں کہ حسب ِتوفیق چند احادیث جمع کردوں جن سے قرآنِ کریم کی عظمت مفہوم ہوتی ہو۔ (١) عَنْ عَطِیَّةَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ۖ مَامِنْ کَلَامٍ اَعْظَمُ عِنْدَ اللّٰہِ مِنْ کَلَامِہ وَمَا رَدَّالْعِبَادُ اِلَی اللّٰہِ کَلَاماً اَحَبَّ اِلَیْہِ مِنْ کَلَامِہ ( سنن الدارمی ص٤٤٠) (قلت ۔ الحدیث مرسل) ''حضرت عطیہ بن قیس نے فرمایا کہ رسول اللہ ۖ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس کے کلام پاک سے بڑھ کر باعظمت کوئی کلام نہیں ہے اوراللہ تعالیٰ کے حضور بندوں کی طرف سے کوئی کلام اس کے کلام سے زیادہ محبوب وپسند نہیں پیش کیا جاسکتا'' ۔ یہ روایت سنن دارمی کی ہے جو حدیث کی معتبر کتاب ہے ۔مناسب معلوم ہوتا ہے دارمی رحمة اللہ علیہ کا تعارف کرادیا جائے، کیونکہ اس مضمون میں صرف اُن کی اسی کتاب کی روایات دی گئی ہیں۔