ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اگست 2004 |
¾اكستان Ù |
|
پانچوں نمازیں چھوٹ گئیں تو پہلے فجر پھر ظہر پھر عصر پھر مغرب پھر عشاء اِسی ترتیب سے قضاء پڑھے۔ اگر پہلے فجر کی قضا نہیں پڑھی بلکہ ظہر کی پڑھی یا عصر کی یا اور کوئی تو دُرست نہیں ہوئی پھر سے پڑھنا پڑے گی۔ مسئلہ : اگر کسی کی چھ نمازیں قضاء ہو گئیں تو اب اِن کی قضاء پڑھے بغیر بھی ادا نماز پڑھنا جائز ہے اور جب اِن چھ نمازوں کی قضا پڑھے تو جو نماز سب سے اول قضاہوئی ہے پہلے اُسی کی قضا پڑھنا وا جب نہیں ہے بلکہ جو چاہے پہلے پڑھے اور جو چاہے پیچھے پڑھے۔ سب جائز ہے اور ترتیب سے پڑھنا واجب نہیں ہے۔ مسئلہ : دو چار مہینے یا دو چار سال ہوئے کہ کسی کی چھ نمازیں یا زیادہ قضا ہوگئیں تھیں اوراب تک اُن کی قضا نہیں پڑھی لیکن اِس کے بعد سے ہمیشہ نماز پڑھتا رہا کبھی قضا نہیں ہونے پائی ۔ مدت کے بعد اب پھر ایک نماز جاتی رہی تو اِس صورت میں اُس کی قضا پڑھے بغیر بھی ادا نماز پڑھنی درست ہے اور ترتیب واجب نہیں۔ مسئلہ : کسی کے ذمہ چھ نمازیں یا بہت سی نمازیں قضا تھیں ۔اس وجہ سے ترتیب سے پڑھنی اس پر واجب نہیں تھیں لیکن اُس نے ایک ایک دو دو کرکے سب کی قضا پڑھ لی۔ اب کسی نماز کی قضا پڑھنا باقی نہیں رہا تو اب پھر جب ایک نماز یا پانچ نمازیں قضا ہوجائیں تو ترتیب سے قضا پڑھنا پڑھیں گی اور اِن پانچوں کی قضا پڑھے بغیر ادا نماز پڑھنا درست نہیں ۔البتہ اب پھر اگر چھ نمازیں چھوٹ جائیں تو پھر ترتیب معاف ہوجائے گی اور اِن چھ نمازوں کی قضا پڑھے بغیر بھی ادا نماز پڑھنا درست ہوگی۔ مسئلہ : اگر وتر کی نمازقضا ہو گئی اور سوائے وتر کے کوئی اور نماز اُس کے ذمہ قضا نہیں تو پھر وتر کی قضا پڑھے بغیر فجر کی نماز پڑھنا درست نہیں ہے ۔اگر وتر کا قضا ہونا یاد ہو پھر بھی پہلے قضا نہ پڑھے بلکہ فجر کی نماز پڑھ لے تو اب قضا پڑھ کے فجر کی نماز پھر پڑھنا پڑے گی۔ مسئلہ : فقط عشاء کی نماز پڑھ کے سو رہا پھر تہجد کے وقت اُٹھا اور وضو کرکے تہجد اور وتر کی نماز پڑھی پھر صبح کو یاد آیا کہ عشاء کی نماز بھولے سے بے وضو پڑھ لی تھی تو اب فقط عشاء کی قضا پڑھے وتر کی قضا نہ پڑھے۔ مسئلہ : قضا فقط فرض نمازوں کی اور وتر کی پڑھی جاتی ہے سنتوں کی قضا نہیں ہے ۔البتہ اگر فجر کی نماز قضا ہو جائے تو اگر دوپہر سے پہلے پہلے قضا پڑھے تو سنت اور فرض دونوں کی قضا پڑھے اور اگر دوپہر کے بعد قضا پڑھے تو فقط دو رکعت فرض کی قضا پڑھے۔ مسئلہ : اگر فجر کا وقت تنگ ہوگیا اس لیے فقط دورکعت فرض پڑھ لیے سنت چھوڑدی تو بہتر یہ ہے کہ سورج اُونچا ہونے کے بعد سنت کی قضا پڑھ لے لیکن دوپہر سے پہلے ہی پہلے پڑھ لے۔