Deobandi Books

اثمار الہدایہ شرح اردو ہدایہ جلد 9

377 - 515
 التسبیب ما یفضي إلیہ غالبا وہاہنا لا یفضي لأن العفو مندوب۴؎  بخلاف المکرہ لأنہ یؤثر حیاتہ ظاہرا ۵؎ ولأن الفعل الاختیاري مما یقطع النسبۃ۶؎  ثم لا أقل من الشبہۃ وہي دارئۃ للقصاص بخلاف المال لأنہ یثبت مع الشبہات والباقي یعرف في المختلف۔ (۵۸۹)قال وإذا رجع شہود الفرع ضمنوا۱؎  لأن الشہادۃ في مجلس القضاء صدرت منہم فکان التلف مضافا إلیہم  

ہوسکتا ہے کہ مقتول کا وارث معاف کردے ، کیونکہ معاف کرنا مستحب ہے ، یا دیت لیکر چھوڑ دے ، پس جب گواہ نے خود قتل نہیں کیا ، اور قتل کا خاص سبب بھی نہیں بنا تو اس کو کیسے قتل کیا جائے گا ! 
لغت :  سبب : سبب اس کو کہتے ہیں کہ عام طور اس سبب سے کام انجام ہی پا جائے ۔ اور اگر عام طور پر کام انجام نہ پائے تو اس کو سبب ، نہیں کہیں گے۔      
ترجمہ  :  ٤بخلاف زبردستی کئے جانے والے کے اس لئے کہ ظاہر یہی ہے کہ وہ اپنی زندگی کو ترجیح دیکر قتل کرے گا ہی ۔
تشریح  : یہ امام شافعی  کو جواب ہے کہ جس پر زبردستی کیا ہے وہ اپنی جان بچانے کے لئے قتل کرے گا ہی اس لئے  زبردستی کرنے والا قتل کا واقعی سبب ہے اس لئے اس کو قتل کیا جائے گا ۔ 
لغت : مکرہ : ر ،پر فتحہ ہوتو اسم مفعول ہوا جس پر زبردستی کرکے قتل کروائے ۔ اور مکرہ : ر، کے کسرے کے ساتھ اسم فاعل ہے زبردستی کرنے والا ۔ یوثر حیاتہ : اپنی زندگی کو ترجیح دے گا ، اور قتل کر ہی دے گا۔ 
ترجمہ  : ٥  اور اس لئے کہ فعل اختیاری دوسرے کی طرف نسبت کو قطع کردیتا ہے۔ 
تشریح  : یہ دوسری دلیل ہے کہ ولی نے اپنے اختیار سے قاتل کو قتل کروایا ہے ، گواہ نے اس کو زبردستی نہیں کی ہے ، اور قاعدہ یہ ہے کہ کوئی اپنے اختیار سے قتل کرے تو یہ قتل اسی کی طرف منسوب ہوتا ہے ، دوسرے کی طرف منسوب نہیں ہوتا ، اس لئے یہ قتل ولی کی طرف منسوب ہوگا،گواہ کی طرف منسوب نہیں ہوگا ، اور اس میں قتل بھی نہیں کیا جائے گا۔
ترجمہ  : ٦  پھر کم سے کم  اس میں شبہ توضرور ہے جس سے قصاص ختم ہوجاتا ہے ، بخلاف مال کے اسلئے کہ وہ شبہ کے ساتھ بھی ثابت ہوتا ہے ، اور باقی باتیں فقیہ ابو اللیث کی کتاب ٫ المختلف ،میں موجود ہے ۔ 
تشریح   : گواہ پر قصاص لازم نہ ہونے کی تیسری دلیل ہے ۔۔چونکہ قتل گواہ نے نہیں کیا ہے بلکہ درمیان میں قاضی کا واسطہ اور مقتول کے ولی کا واسطہ ہے اس لئے قتل کرنے میں شبہ ہوگیا اورقصاص شبہ سے ساقط ہوجاتا ہے اس لئے بھی گواہ سے قصاص نہیں لیا جائے گا ۔ فرماتے ہیں کہ باقی باتیں حضرت فقیہ ابو اللیث کی کتاب ٫ المختلف، ہے اس میں ہے ۔  
ترجمہ  : (٥٨٩)اگر فرع گواہ رجوع کر گئے تو ضامن ہوں گے۔ 

Flag Counter