ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جنوری 2011 |
اكستان |
|
موت العَالِم موت العَالَم دارُالعلوم دیو بند کے مہتمم حضرت مولا نا مرغوب الرحمن صاحب صدیقی رحمة اللہ علیہ یکم محرم الحرام کو طویل علالت کے بعد تقریباًسو برس کی عمر پا کر اپنے آبائی وطن بجنور میں وفات پاگئے اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ آپ کے جسد ِخاکی کو اُسی روز دیو بند لا یا گیا، رات نو بجے نماز جنازہ کے بعد تدفین عمل میں لائی گئی۔ مولانا اِنتہائی درویش صفت اَور داناء وبینا اِنسان تھے اپنی زندگی کے آخری تیس برس آپ دارُالعلوم دیوبند کے منصب ِاہتمام پر متمکن رہے، آپ کی اعلیٰ اِنتظامی صلاحیتوں کی بناء پر آپ کے دَور میں دارُالعلوم نے بہت ترقی کی۔ آپ شیخ العرب والعجم حضرت مولانا سیّد حسین ا حمد صاحب مدنی قدس سرہ العزیز کے شاگرد اَور مرید تھے ،آپ دارالعلوم سے ١٣٥٢ھ مطابق ٩٣٢اء میں فارغ ہوئے اَور ١٣٨٢ھ مطابق ١٩٦٢ء میں دارُالعلوم کی مجلس شورٰی کے ممبر منتخب ہوئے اَور ١٩٨٢ء میں دارُالعلوم کے منصب ِ اہتمام پر مسند نشین ہونے کے بعد تا حیات اِس پر فائض رہے۔ آپ ہندوستان کی چندغیرمتنازع شخصیتوں میں سے ایک تھے فی زمانہ آپ کا وجود بساغنیمت تھا ہندوستان میں آپ کی رِحلت سے بہت بڑا خلاپیدا ہوگیا ہے، اللہ تعالیٰ اپنی قدرت سے اِس خلا کو پُر فرمائے اَور حضرت کی خدمات کو شرف ِقبولیت سے نواز کر اپنی بارگاہ میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے نیز آپکے پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق ہو،آمین۔ اہل اِدارہ اُن کے غم میں برابر کے شریک ہیں اَور اُن کی خدمت میں تعزیت ِمسنونہ پیش کرتے ہیں۔