ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مارچ 2009 |
اكستان |
|
بزم ِ قارئین مکرمی ومحترمی !السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ' اُمید ہے آپ بخیریت ہوں گے۔ ماہنامہ ''انوار ِ مدینہ '' محرم 1430 ھ /جنوری 2009 ء حسب سابق موصول ہوا۔ میں آپ کا ممنون ہوں کہ آپ باقاعدہ گی سے ماہنامہ اَرسال کرتے رہتے ہیں۔ البتہ میرے پتے کی تبدیلی کی بنا پر بعض اَوقات یہ وقت پر نہیں ملتا۔ اِس لیے آئندہ درج ِذیل پتے پر رسالہ اِرسال کر کے ممنون فرمائیں۔ ............................................................ میں باقاعدہ گی سے ماہنامہ پڑھتا ہوں اور ساتھیوں کو بھی پڑھنے کے لیے دیتا رہتا ہوں ۔ میرے اور ساتھیوں کے ماہنامہ کے بارے میں اچھے تاثرات ہیں۔ اِس کے مضامین میں تنوع موجود ہے۔ دَور ِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق اِ س میں دینی ودُنیوی دونوں قسم کی معلومات کا احاطہ کیا جا تا ہے۔ ملک کے دُوسرے دینی رسالوں کے مقابلے میں اِس سے کہیں بہتر رہنمائی مل سکتی ہے۔البتہ اِس کو مزید بہتر بنانے کے لیے (موجودہ ماہنامہ کے تناظر میں) چند ایک سفارشات پیش ِخدمت ہیں : ١۔ مضامین عام فہم اور لوگوں کی ذہنی اِستعداد کے مطابق ہوں مثلاً ''ملفوظات حسین احمد مدنی '' کو آسان بنانے کے لیے بریکٹ کے اَندر وضاحتی الفاظ شامل کیے جائیں۔ اِسی طرح ''وانزلنا الحدید'' ایک اہم مضمون ہے جو رسالہ میں شامل کیا گیا مگر اُس کی مکمل وضاحت کی ضرورت ہے تاکہ سائنسی ذوق رکھنے والے حضرات کی تشنگی دُورہو۔ ٢۔ عوام کی رہنمائی اور تربیت کے پیش نظر دورِ حاضر کے مسائل مثلاً نکاح، طلاق، گھریلو معاملات تجارت وغیرہ استفتاء کی صورت میں شائع کیے جائیں۔ البتہ اُن مضامین سے احتراز کیا جائے جن سے عوام کے ذہنی انتشار کا خدشہ ہو مثلاً ''حضرت عائشہ کی عمر اور حکیم نیاز احمدکا مغالطہ'' اِس قسم کے مضامین کے بجائے تحفظ ِ ختم ِ نبوت، مناقب ِ صحابہ وغیرہ آسان پیرائے میں شامل کیے جائیں۔اِسی طرح ''حقوق العباد'' بہت اچھا عنوان ہے، اِس کو آگے بڑھایا جائے اور اِس کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل بحث کی جائے۔