ماہنامہ انوار مدینہ لاہور ستمبر 2006 |
اكستان |
|
اخبار الجامعہ ( بقلم شریک سفر مولوی عزیز اللہ، متعلم جامعہ مدنیہ جدید ) ٢١ اگست بروز پیر کو حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب کوئٹہ تشریف لائے۔عصر سے قبل تبلیغی مرکز صدیقیہ مسجد کے خطیب حضرت قاری حبیب الرحمن صاحب سے ملاقات ہوئی۔ اِس کے بعد حضرت نے جامعہ عربیہ مرکزی تجوید القرآن سرکی روڈ کا دَورہ فرمایا اور وہاں کے مہتمم حضرت قاری عبد اللہ صاحب اور دیگر اساتذہ ٔجامعہ سے ملاقات فرمائی۔ بعد عشاء جامعہ مدنیہ جدید کے طالب علم سمیع اللہ کے گھر کھانے کی دعوت پر تشریف لے گئے۔ اگلے روز بعد نمازِ فجر حضرت نے کوئٹہ شہر کی مرکزی جامع مسجد (المعروف پنجابی جامع مسجد) میں درسِ قرآن سے عوام الناس کو مستفید فرمایانیز جامع مسجد کے خطیب حضرت مولانا انوار الحق حقانی صاحب سے ملاقات کی۔ بعد ازاں حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب نوشکی کی طرف روانہ ہو گئے۔ نوشکی میں جامعہ عربیہ جمالدینی کا دَورہ فرمایا، جن کے مہتمم حضرت مولانا عبد اللہ جان صاحب اور شیخ الحدیث حضرت مولانا غلام نبی صاحب اور نوشکی کے امیر جمعیت حضرت مولانا غلام حیدر صاحب اور دیگر مقامی علماء سے ملاقات کی اور اُن کے ہمراہ دوپہر کا کھانا کھایا، کچھ دیر آرام کے بعد سہ پہر کو نوشکی سے کوئٹہ کے لیے روانگی ہوئی۔ کوئٹہ واپس آتے ہوئے بائی پاس پر واقع جامعہ بحر العلوم کا دورہ فرمایا اور جامعہ کے شیخ الحدیث حضرت مولانا غوث الدین صاحب اور ناظم جامعہ مفتی نصر اللہ صاحب اور دیگر اساتذہ سے ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد سریاب روڈ ولی جیٹ پر واقع جامعہ امدادیہ کوئٹہ کا دورہ فرمایا اور اساتذہ سے ملاقات فرمائی۔ رات کا کھانا جامعہ مدنیہ جدید کے طالب علم کمال الدین صاحب کی دعوت پر اُن کے گھر ہوا۔ بروز بد ھ صبح ساڑھے نو بجے چمن کے سفر پر روانہ ہوئے۔ اِس سفر میں قاری فضل حق صاحب اور جامعہ جدید کے طالب علم کمال الدین ہمراہ تھے۔ چمن میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ انوار العلوم چمن کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا حاجی عبد الغنی صاحب سے ملاقات فرمائی۔