ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جولائی 2006 |
اكستان |
|
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ وَصَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ الْکَرِیْمِ مکتوب ِگرامی حضرت مولانا محمد طلحہ صاحب دامت برکاتہم سرپرست اعلیٰ جامعہ مظاہر علوم سہارنپور (ہند) بنام ذمہ دارانِ مدارس و مکاتب مکرمان و محترمان حضرات ِاکابر و ذمہ داران ِمدارس ...................... السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ' اللہ پاک کا شکر ہے ،بندہ بعافیت ہے۔ اُمید ہے آپ بعافیت ہوں گے۔ آج ذمہ دارانِ مدرسہ کو ایسے علماء تیار کرنے چاہئیں جن کی پڑھنے ہی کے زمانہ میں پڑھانے کی نیت کرائی جائے۔ وہ فارغ ہوکر پڑھائیں اور پڑھنے ہی کے زمانہ میں تھوڑا تھوڑا وقت لگاکر دعوت و تبلیغ سے مناسبت پیدا کریںاور پڑھنے کے زمانہ میں جس کی طرف اُس کا رجحان ہو بیعت کا تعلق کرادیں تاکہ پڑھنے کے ساتھ سلوک سے مناسبت ہوجائے پھر جہاں بیٹھے تینوں کام کرنے والا ہو۔ ایک طرف تعلیم دے رہا ہو اور ایک جگہ دعوت و تبلیغ کی خدمت کررہا ہو اور ایک طرف بیٹھ کر اپنے معمولات پورے کررہا ہو اور دوسروں کے معمولات پورے کرانے کا ذریعہ بن رہا ہو۔ آج پوری دُنیا میں ہر سال اتنے علماء فارغ ہونے کے باوجود مکاتب میں پڑھانے والے نہیں ملتے۔ مدارس میں کتابیں پڑھانے والے نہیں ملتے، مراکز میں جماعتیں لے کر چلنے والے نہیں ملتے اور خانقاہوں میں ذاکرین کی وہ مقدار نہیں ہوتی جیسی ہونی چاہیے۔ پوری دُنیا میں جو کچھ اِس لائن سے نظر آرہا وہ'' صفہ ''پر ایک جگہ ہورہا تھا وہیں مبلغین تیار ہورہے تھے، وہیں مجاہدین تیار ہورہے تھے۔ آج ضرورت اِس بات کی ہے کہ صفہ کی ترتیب پر سارے اعمال ایک جگہ ہورہے ہوں۔ میں آپ حضرات سے درخواست کرتا ہوں کہ پوری دُنیا میں یہ ماحول بنایا جائے ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔ فقط والسلام محمد طلحہ کاندھلوی ٢١محرم الحرام ١٤٢٦ ھ