ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2006 |
اكستان |
|
١٨ جنوری کو ممتاز دانشور ماہنامہ الرشید کے مدیر اور مکتبہ رشیدیہ کے مالک جناب حافظ عبد الرشید صاحب ارشد طویل علالت کے بعد وفات پاگئے۔مرحوم بہت دانا اور دُور اندیش انسان تھے، علماء اور اہل ُاللہ سے خصوصی لگائو رکھتے تھے۔ اہل ِ اِدارہ اُن کے پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے اُن کی مغفرت کے لیے دُعا گو ہیں۔ لاہور میڈیسن کے مالک جناب محترم غلام دستگیر صاحب طویل علالت کے بعد گزشتہ ماہ کی ١٩تاریخ کو وفات پاگئے۔مرحوم سلسلۂ نقشبندیہ کے بزرگوں میں سے تھے۔ حضرت اقدس بانی جامعہ مدنیہ جدید کے پرانے عقیدت مند اور شاگرد تھے۔ ١٩٦٤ء سے پہلے تک حضرت سے صرف و نحو کے اسباق بھی پڑھتے رہے مگریہ تعلیمی سلسلہ ابتدائی کتب تک ہی محدود رہااور انتہاء تک نہیں پہنچ سکا۔ اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اُن کے پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق نصیب ہو۔ آمین۔ گزشتہ ماہ کے اخیر میںحضرت مولانا عزیر گُل صاحب کاکا خیل کے چھوٹے بیٹے مولانا زُہیر گُل صاحب کاکا خیل کی اہلیہ محترمہ وفات پاگئیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور اُن کے پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ جامعہ مدنیہ کے نوجوان فاضل مولانا محمد عمران صاحب کے ماموں ٢٤دسمبر کو دل کے عارضہ کی وجہ سے وفات پاگئے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اُن کے چھوٹے چھوٹے بچوں کی کفالت فرمائے۔ آمین۔ اہل ِ ادارہ تمام پسماندگان کی خدمت میں تعزیت ِمسنونہ پیش کرتے ہیں۔ جامعہ مدنیہ جدید اور خانقاہِ حامدیہ میں جملہ مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب اور دُعائے مغفرت کرائی گئی، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ آمین ۔