ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مئی 2005 |
اكستان |
|
سلسلہ نمبر١١ ''الحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔(ادارہ) قرآن پاک ( نظر ثانی و عنوانات : مولانا سےّد محمود میاں صاحب ) الحمد للّٰہ رب العٰلمین والصلٰوة والسلام علی خیر خلقہ سیّدنا ومولانا محمد والہ واصحابہ اجمعین امابعد ! حسبِ ذیل مضمون میں قرآن پاک کی حقیقت کہ وہ کلامِ الٰہی ہے ،اس کے نزول کی کیفیت کی ایک علمی بحث بہت اختصار سے پیش کی جارہی ہے۔ قرآن کلام اللہ کو کہتے ہیں جو رسول اللہ ۖ کے زمانہ سے ہم تک ہزاروں سے لاکھوں اورلاکھوں سے کروڑوں کو پہنچتا چلا آیا ہے ۔ عربی زبان میں لفظ ''قرآن'' پڑھنے اورجمع کرنے کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے یعنی یہ مصدر بھی ہے اور کتاب اللہ کا نام بھی ۔ (١) قرآن کلام اللہ ہے : سنن ِدارمی میں (جو مسند ِدارمی کے نام سے مشہور ہے )روایت ہے ۔ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ۖ مَا مِنْ کَلَامٍ اَعْظَمُ عِنْدَاللّٰہِ مِنْ کَلَامِہ وَمَارَدَّالْعِبَادُ اِلَی اللّٰہِ کَلَامًا اَحَبُّ اِلَیْہِ مِنْ کَلَامِہ (ص٤٤٠ ج٢)