ماشاء اللہ کتاب بہت تحقیقی اور کارآمد ہے، اللہ تعالیٰ مؤلف موصوف کو جزائے خیر عطا فرمائے، کتاب کو قبولیت سے نوازے اور مؤلف کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے۔(آمین)
حبیب الرحمن عفا اللہ عنہ
۶؍ربیع الاول ۱۴۱۸ھ
تقریظ بقلم مولانا عزیز الرحمن صاحب بجنوری
مرسلہ کتابچہ’’ اعلام الفتیۃ بأحکام اللحیۃ‘‘ داڑھی کی شرعی حیثیت موصول ہوا، شکر گزار ہوں ، طرز تحریر سے آپ نوجوان عالم ہونہار معلوم ہوتے ہیں ، اردو زبان میں کتابیں پڑھنے کی میری عادت نہیں تاہم میں نے آپ کا رسالہ حرفاً حرفاً دلچسپی سے بغورپڑھا، بہت ہی زیادہ خوشی ہوئی اور میں نے بعض دوسرے اہلِ علم حضرات کو بھی پڑھوایا اور اپنی مختصر لائبریری میں مزید استفادہ کے لیے رکھ لیا، تحقیق اور طرز تحریر دونوں ہی بہت عمدہ ہیں ، اللہ تعالیٰ برکت عطا فرمائے اور قبول فرمائے۔(آمین)
مولانابجنوری نے ایک دوسرے خط میں تبصرہ کرتے ہوئے تحریر فرمایا کہ:
شرعی داڑھی کے بارے میں اس کتاب سے پیشتر مولانا سید حسین احمد صاحب مدنی اور مولانا سید ابوالاعلیٰ صاحب مودودی کی تحریرات پڑھیں لیکن زیر تبصرہ کتاب ان دونوں مذکورہ تحریرات سے بہت معیاری ہے، موضوع اور کتاب اگرچہ بہت چھوٹے ہیں لیکن بقامت کہتر بقیمت بہتر۔
عزیز الرحمن غفرلہ
(مدنی دارالتالیف،بجنور، یوپی)
٭٭