علماء کی صحبت کے آداب
علماء کی صحبت میں اگر کوئی رہنا چاہتا ہے تو چند باتوں کا بطورِخاص خیال رکھنا چاہئے ، ان کی صحبت میں ادب اور دلی تواضع کے ساتھ بیٹھے ، ان کے سامنے اپنی آواز پست رکھے ، چھوٹا بن کر ان سے باتیں دریافت کرے اور زیادہ تر سوال طاعت وعبادت کے علم کے متعلق ہونا چاہئے ، ان سے یہ بھی بتادے کہ جن باتوں کو دریافت کررہا ہے ، ان کی اسے ضرورت ہے ، اور جب ان سے معلومات حاصل کرلے تو انھیں امتنان وتشکر کے ساتھ یہ بھی بتادے کہ مجھے بہت فائدہ حاصل ہوا ، اگر وہ کسی بات پر خفا ہوں تو اس پر خفگی کا اثر نہ ہو ، البتہ اس پر غور کرے کہ کس سبب سے یہ ناراض ہوئے ہیں ، اس کا تدارک کرے اور ان سے معافی مانگ لے ، سوالات کرکرکے انھیں تنگ نہ کرے ، ان کے ساتھ آسان اور سہل معاملہ برتے ، ان کے ساتھ بحث کا ایسا انداز نہ اختیار کرے کہ اسی کا علم ان سے زائد معلوم ہو ، طالب علم کا عزم وحوصلہ یہ ہونا چاہئے کہ تواضع وادب کے ساتھ ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھالے ، علماء سے نہ لڑے ، بیوقوفوں سے نہ الجھے ، اور علماء کے ساتھ رفق ومتانت کا سلوک کرے کہ اس کی برکت سے اﷲ تعالیٰ دین کی فہم عطا فرماویں ۔
٭٭٭٭٭٭٭