حیات دائمی کی راحتیں |
ہم نوٹ : |
|
سب کے دل میں جتنی جائز حاجتیں ہیں سب پوری فرمادیں اور جتنے گناہ ہیں سب سے ہم سب کو پاک فرما دیں۔ اے اللہ ! ہمارا ایک لمحہ بھی آپ کی ناراضگی کے فعل میں نہ گزرے۔ ہماری حیات میں وہ ایمان داخل فرمادیں کہ جس سے ہم ہر لمحہ ٔ حیات آپ پر فدا رہیں اور ایک سانس بھی آپ کو ناراض کرنے والے کسی گناہ میں مشغول نہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو جذب کرکے اللہ تعالیٰ اولیائے صدیقین کی حیات پاکیزہ عطا فرمادیں۔ اے اللہ! ہم اپنی نالائقیوں سے باز نہیں آرہے ہیں، آپ ہمیں زبردستی جذب کرکے اپنا بنالیجیے۔ جیسے چھوٹے بچے بھاگتے ہیں توماں پکڑتی ہے کہ بیٹا کھانا کھالو،اب بچہ بھاگا جارہا ہے اور ماں پیچھے پیچھےدوڑتی ہے،خود بھی ہنستی رہتی ہے اور بچہ بھی ہنستا رہتا ہے، آخر میں پکڑ کر اس کو گود میں اٹھا لیتی ہے ۔ اے خدا! ہم بھی نالائق ہیں ،آپ سےدور بھاگ رہے ہیں، گناہوں کی طرف بھاگ رہے ہیں، آپ ماؤں کو رحمت دینے والی اپنی رحمتِ مادر کے صدقے میں ہم سب کو اپنی طرف کھینچ لیجیے اور ہمیں اپنا بنالیجیے، ہمیں جذب کرکے وہ دل عطا فرمادیجیے جو آپ اپنے اولیاء کے سینے میں رکھتے ہیں، ہمارے سینے میں بھی اپنے دوستوں کا دل رکھ دیجیے۔اگر جاپان ری کنڈیشن موٹر تیار کرسکتا ہے،ٹوٹے پھوٹے پرزوں والی پرانی اور خراب گاڑیوں کو ایک دم نئی کرکے تیار کرسکتا ہے تو ہمارے خراب دل کو ، گناہ گار دل کو آپ ری کنڈیشن کردیجیے،ہمارے سینوں میں اللہ والوں کا دل رکھ دیجیے، وہ دل جو سینما، وی سی آر اور ٹیڈیوں کے چکر میں ہے اس قلب کو اے مولیٰ!اپنی محبت سے نوازش فرماکر اسےری کنڈیشن کردیجیے۔بس میرے اللہ! اب میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، اختر اپنی لغت کی تقصیرات سے مجبور ہے لہٰذا آپ کی رحمت سے فریاد کرتا ہے کہ آپ بغیر لغت کے، بغیر الفاظ کے ہماری آہ کو سن لیجیے، اختر کو اور اس کی اولاد کو اور اولاد کی اولاد کو اور قیامت تک آنے والی تمام ذرّیات کو اور میرے سارے احباب ِ حاضرین اور احبابِِ غائبین کو اور ان کی ذرّیات کو بھی جذب کرکے اپنا ولی بنادیجیے اور ساری امتِ مسلمہ کے حق میں بھی ان دعاؤں کو قبول فرمالیجیے۔اے اللہ! ہمیں دنیا بھی دے دیجیے اور آخرت بھی دے دیجیے، آمین۔ وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَصَلَّی اللہُ عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِیْمِْ