نالش کی وہ بھی معین ہوا؟ کیوں کہ وہ تو جانتا تھا کہ شرع کے مطابق حکم نہ ہوگا، اب کہنا چاہیے کہ بے شک وہ بھی معین ہوا، تو اب کیا علاج؟ علاج یہ کہ خاموش گھر میں بیٹھو۔ اگر یہ سچ ہے تو پھر مسلمانوں کی حالت کو اندازہ کیجیے کہ یہ کیا کریں؟ انھیں تو اللہ میاں ان جہان سے اٹھالیں تو ان کی نجات ہو، غرض! بڑے معاملات تو حکومت کی ساتھ گئے۔
اب چھوٹے چھوٹے معاملات روز مرہ کے ان کے احکام اردو کی کتابوں میں موجود ہیں، جو بچوں کی تعلیم کے نصابِ ابتدائی میں داخل ہیں، یا داخل کرنے چاہییں، عبادات کا باب نہایت مختصر ہے، روزے کے احکام قرآن کے ایک رکوع میں ہیں، اسی طرح نماز کے احکام اردو کی ایک کتاب میں موجود ہیں، حج اور زکاۃ کی بڑے ہو کر ضرورت ہوتی ہے، اور ان کے مختصر احکام ہیں، اس مختصر کو اتنا طول دیا ہے کہ بچوں کے دس برس اس میں خرچ ہوتے ہیں، اور جب تیار ہوکر نکلتے ہیں تو سوچتے ہیں کہ اب کیا کریں؟
چودہویں شبہے کی تقریر: اگر کچھ تعلیم کی عمر باقی ہے، اور کچھ حمیت کا تقاضا بھی ہے تو جلدی سے طب پڑھ لی، اور معاش کا ایک ذریعہ نکال لیا، اور اگر کہیں عمر ہوچکی ہے، جیسا کہ کثرت سے واقع ہوتا ہے تو سیدھے مسجد کی راہ لی، اور جو کچھ پھر یہ لوگ کرتے ہیں آپ کو مجھ سے زیادہ تجربہ ہے، میں لکھنا کیا چاہتا تھا، اور لکھ گیا کیا۔
پندرہویں شبہے کی تقریر: میں اپنا حال عرض کرنا چاہتا ہوں۔ میں کوٹ پتلون یا یوں کہیے کہ پورا انگریزی لباس پہنتا ہوں، سوائے ٹوپی کے کہ وہ ترکی ہے، اس ٹوپی کے اختلاف سے یہ
لباس ہمارا قومی بن جاتا ہے، اور اگر اس بات کو کوئی اس وقت تسلیم نہ کرے تو دس برس بعد اس کو خود پہننا پڑے گا، میں اس بات کو ایسے وثوق سے کہہ رہا ہوں کہ مجھ کو اس میں کچھ بھی وسوسہ نہیں، اب مجھ سے ارشاد ہوا کہ یہ لباس خلافِ شریعت ہے، ترک کرنا چاہیے۔ تو مجھ کو یہ بھی بتلایا جاوے کہ کیا پہنوں؟ جو کام مجھ کو کرنا پڑتا ہے، اور جو اللہ نے میری تقدیر میں لکھ دیا ہے، اور جس کے کرنے پر قضاو قدر سے مجبور ہوں، وہ ایسا ہے کہ مجھ کو چار گھنٹے گھوڑے کی پیٹھ اور تین گھنٹے بائسیکل پر (اگر بائسیکل نہ ہو تو پھر دوسرے گھوڑے پر) شہر اور اطرافِ شہر میں پھرنا پڑتا ہے، اور یہ اندازہ کیا گیا ہے کہ مجھ کو بیس میل کا یومیہ سفر ہوجاتا ہے۔ جو پائجامہ، میں سواری میں پہنتا ہوں وہ اس کپڑے کا ہے جو ہاتھ سے نہیں پھٹ سکتا، تاہم اس قدر جلد گھس گیا کہ جس پر مجھ کو خود تعجب ہے، ڈھیلے پائچے یا لٹھ کا شرعی پاجامہ ایک دن مشکل سے