ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مارچ 2011 |
اكستان |
|
پھونکوں سے یہ چراغ بُجھایا نہ جائے گا : مگر یہ یاد رکھیں کہ اِسلام اَور اِس کی تعلیمات ہمیشہ سے روشن ہیں اَور روشن رہیں گی اَور دُنیا میں جب بھی کسی کو سکون کی تلاش ہوگی اَور عالمی فتنۂ وفساد سے گھبرا کر اَمن واَمان کی فضا میں سانس لینے کی ہوک اُٹھے گی تو صرف اَور صرف اِسلام ہی کا دامن ایسا نظر آئے گا جہاں مظلوموں کو اِنصاف ملے گا اَور سکون سے محروم لوگوں کو طبعی سکون میسر آئے گا۔ اِس لیے کہ اِس کرۂ اَرض پر اِسلام سے زیادہ اِنسانیت نواز اَور اِنسانی حقوق کا ضامن نہ کوئی مذہب ہے اَور نہ کسی نظر یہ میں اِتنی جامعیت ہے جو ساری دُنیا کی اِنسانی ضرورتوں کی تکمیل کرسکے۔ یہ وہ فطری مذہب ہے جسے خلاّقِ کائنات نے اپنی عظیم حکمت اَور وسیع الشان علم کا مظہر بنا کر اپنے بندوں کے سامنے پیش کیا ہے، لہٰذا اِس سے بہتر اَوراِس سے برتر نہ کوئی مذہب ہے اَور نہ ہوسکتا ہے اَور اِس سے بغض رکھنے والے خواہ اِس پر کتنی ہی کیچڑ اُچھالیں اِس کی تابناکی میں نہ کوئی فرق آیا ہے نہ آسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اعلان فرمایا ہے : یُرِیْدُوْنَ لِیُطْفِئُوْا نُوْرَ اللّٰہِ بِاَفْوَاہِہِمْ وَاللّٰہُ مُتِمُّ نُوْرِہ وَلَوْ کَرِہَ الْکَافِرُوْنَ . (سُورة الصف ٨) ''چاہتے ہیں کہ بُجھادیں اللہ کی روشنی اپنے منہ سے (پھونک مارکر) اَور اللہ کو پوری کرنی ہے اپنی روشنی گو کافر لوگ کیسے ہی ناخوش ہوں۔'' بیشک اللہ کا فرمان برحق ہے اَور اِنشاء اللہ دیر سویر دُنیا پر دین ِحق غالب ہوکر رہے گا اَور اُس کے مخالف ذلیل ورُسوا ہوکر تاریخ کا عبرت نا ک باب بن جائیں گے۔ وَمَا ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ بِعَزِیْزٍ.وَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ ۔