ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جون 2015 |
اكستان |
|
ق ''خانقاہِ حامدیہ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے محدث ، فقیہ، مؤرخ، مجاہد فی سبیل اللہ،مؤلف کتب کثیرہ شیخ الحدیث حضرت اَقدس مولانا سیّد محمد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم مضامین جو تاحال طبع نہیں ہوسکے اُنہیں سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ اُن کی نوع بنوع خصوصیات اِس بات کی متقاضی ہیں کہ اِفادۂ عام کی خاطر اُن کو شائع کردیا جائے۔ اِسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اَخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ) رمضان شریف ، شب ِ قدر ، اِعتکاف (حضرت اَقدس مولانا سیّد محمد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ) تمہید : اِنسان کیا ہے ؟ اِس کا جواب نہایت آسان اور ظاہر ہوتے ہوئے اِنتہا درجہ پوشید اور حد سے زیادہ مبہم ہے چنانچہ عربی شاعر ''اَبو العلا معری'' نے کہا تھا : وَالَّذِیْ حَارَتِ الْبَرِیَّةُ فِیْہِ حَیْوَان مُسْتَحْدَث مِنْ جِمَادِ ''جس کی حقیقت میں ساری مخلوقات سر گرداں ہے وہ ایک جاندار ہے جو جماد یعنی مٹی وغیرہ سے پیدا کیا گیا۔ '' تاہم علماء اور حکماء نے اِس سوال کا جواب دیا ہے ۔منطقی صاحبان فرماتے ہیں کہ '' اِنسان حیوانِ ناطق ہے۔'' یعنی ایسا جاندار جوبدیہیات سے نظریات کو پہچان سکے ،اُمور متعارَفہ سے غیر معلوم اُمور کو دریافت کر سکے۔