ماہنامہ انوار مدینہ لاہور ستمبر 2013 |
اكستان |
|
علمی مضامین سلسلہ نمبر٦٥ ''اَلحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اَقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ) حضرت سیّد اَحمد شہید نور اللہ مرقدہ حضرت سیّد اَحمد شہید نور اللہ مرقدہ کے اَحوالِ مبارکہ ،سیرت، تزکیہ ٔباطن ،سلوک، جہاد، فتوحات ،اِجرائِ اَحکامِ شرعیہ پھر حالات کا اِنقلاب اَور شہادت۔ ہر موضوع پر بحمداللہ لکھا جاتا رہا ہے اَور اِنشاء اللہ لکھا جاتا رہے گا کیونکہ اِن کے وارثین ِ اَفکار اہل ِعلم و تقوی ہیں جن کا مرکز ِ عظیم دارُالعلوم دیوبند اَور اُس کی شاخیں ہیں جو ہندوستان ،پاکستان، اَفغانستان، بنگلہ دیش اَور برما میں پھیلی ہوئی ہیں۔ مناسب معلوم ہوتا ہے کہ پہلے حضرت سیّد صاحب کے پروگرام کا اِجمالی خاکہ آجائے پھر آپ کی جدوجہد کے ثمرات مختصر اَنداز میں پیش کر دیے جائیں۔ اَنگریزوں کے بڑھتے ہوئے تسلط کا جب یہ حال ہو گیا کہ دہلی سے کلکتہ تک اُن کی عملداری ہوگئی تو حضرت شاہ عبدالعزیز صاحب قدس سرہ نے اِن حالات میں ایک فتوی تحریر فرمایا جس میں اَنگریزوں کے تسلط کا ذکر ہے کہ رُؤساء ِنصاری کاحکم ،بِلادَ غدغہ بے دھڑک جاری ہے۔ ملک داری ، باج، مال گزاری، مقدمات کے فیصلے اَور جرائم کی سزاؤں میں یہ لوگ بطورِ خود حاکم اَور مختارِ مطلق ہیں۔ وہ تحریر فرماتے ہیں کہ : ''اَعیان ِ دیگر مثلاً شجاع الملک و ولایتی بیگم بغیر حکم اِیشاں دَریں بلاد داخل نمے توانند شد و اَزیں شہر تا کلکتہ عملِ نصاری محتد اَست۔ ''