اسلامی مملکت کی قدر و قیمت |
ہم نوٹ : |
|
اسلامی سلطنت جس کی ایک انچ زمین کی حفاظت پر جان دینا شہادت ہواس کے ٹوٹنے پر خوشیاں منانا کون سا دین ہے؟ کیا کہیں! بس ایسےمولویوں کو خدا ہدایت دے۔ جونپور میں ایک ملّا تھا۔ جب گاندھی کو مارا گیا تو اس ظالم نے جمعہ کے دن جونپور کی شاہی مسجد میں اعلان کیا کہ گاندھی شہید ہوا ہے۔ بتائیے! کیا کافر بھی شہید ہوسکتا ہے؟ کیا کافر کو شہادت کا درجہ مل سکتا ہے؟ اس ظالم کو میں نے بھی دیکھا تھا، ایک جگہ وہ موجود تھا تو میرے شیخ نے اشارہ کرکے دکھایا کہ یہ وہی ظالم ہے جس نے جونپور کی شاہی مسجد میں گاندھی کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔ ایک بات اور سناتا ہوں۔ ایک بہت بڑے عالم جو حضرت حکیم الامت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجازِ صحبت تھے، ذکر و اشغال کے پابند، تین بجے رات کو اٹھ کرچوبیس ہزار دفعہ اللہ اللہ کرتے تھے، مولانا کا میرے شیخ حضرت پھولپوری رحمۃ اللہ علیہ سے اصلاحی تعلق بھی تھا۔ ایک بار انہوں نے میرے شیخ کے سامنے شبلی منزل، اعظم گڑھ میں کہا کہ حضرت! پنڈت جی نے یہ فرمایا ہے۔ پنڈت نہرو مراد تھا، مولانا شاہ عبدالغنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کون سا پنڈت جی؟ کہا پنڈت نہرو، تو حضرت شاہ عبدالغنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ کیا آپ کسی بزرگ کا ملفوظ سنارہے ہیں؟ ’’فرمایا‘‘ کا لفظ تو تعظیم کے لیے بولا جاتا ہے، یہ تو اللہ والوں کے کلام میں لگایا جاتا ہے، کافر کے کلام میں تم ’’فرمایا‘‘ لگاتے ہو، حضرت ان پر بہت ناراض ہوئے اور فرمایا کہ جاؤ مولانا، دوبارہ کلمہ پڑھو اور دو نفل پڑھ کر گڑ گڑا کر توبہ کرو۔ کافر کو تعظیماً سلام کرنا کفر ہے فتاویٰ شامی میں ہے: لَوْ سَلَّمَ عَلَی الْکَافِرِ تَبْجِیْلًایَکْفُرْ 16؎ اگر کوئی کسی کافر کو اکرام کے ساتھ سلام کرے تو وہ آدمی کافر ہوجائے گا۔ میرے شیخ کے پاس ایک ہندو ڈاکیا خط لے کر آتا تھا اور کہتا تھا آداب عرض ہے مولوی صاحب! تو حضرت کہتے تھے آ۔۔۔داب اور میرے کان میں کہتے تھے کہ میں پیر کی طرف اشارہ کررہا ہوں کہ آ اور میرا پیر دبا، یہاں آداب کے معنیٰ یہ ہیں، تاکہ ہندو کا اکرام لازم نہ آئے۔ _____________________________________________ 16؎الدرالمختار:2/413،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی البیع،ایج ایم سعید