بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ وَالصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِنَا وَسَنَدِنَا مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ أَجْمَعِیْنَ۔
امابعد! ان اوراق میں احقر نے سیّد عالم ﷺ کے وہ ارشادات جمع کیے ہیں جن میں مسلمانوں کو آپس میں میل، محبت اور ایک دوسرے کی عزت وعظمت اور اکرام واحترام اور ادائے حقوق کی تاکید فرمائی گئی ہے۔ والدین، اولاد، زن وشوہر اور رفیقِ سفر کے حقوق، مجلس کے آداب، رسولِ خدا ﷺ کی مجلس اور آپ کے اخلاقِ کریمانہ کا کچھ تفصیلی خاکہ اس رسالہ میں آپ کو ملے گا۔
جوحضرات مسلمانوں میں اتفاق واتحاد اور میل ومحبت کو دوبارہ لاناچاہتے ہیں، یہ کتابچہ ان کے لیے مشعلِ راہ کاکام دے سکتا ہے۔ اور اس کے ذریعے اُلفت ومحبت کی کھوئی ہوئی راہ دوبارہ مل سکتی ہے۔
حضرت مولانا محمد الیاس صاحب ؒ کی تبلیغی تحریک کے چوتھے اُصول(اکرامِ مسلم) پرجو حضرات عمل پیراہونا چاہتے ہوں اور دوسروں تک اس کو تفصیلی صورت میں پہنچانے کے متمنی ہوں ان کو اس رسالہ کا پڑھنا اور سنانا از حد ضروری ہے۔ ناظرین سے درخواست ہے کہ احقر کو اپنی مقبول دعائوں میں ضرور یاد رکھیں۔
اَلْعَبْدُ الْحَقِیْر
(مولانا) محمد عاشق الٰہی عَفَا اللّٰہُ عَنْہٗ
بستی نظام الدین، دہلی