زندگی کے قیمتی لمحات |
ہم نوٹ : |
|
ہم بلاتے تو ہیں ان کو مگر اے ربِّ کریم ان پہ بَن جائے کچھ ایسی کہ بِن آئے نہ بنے یہ غالب کا ترمیم شدہ شعر ہے، میں اس شعر میں اپنے کو بھی شامل کرتا ہوں، اﷲ تعالیٰ مجھ پر بھی اور ہم سب پر بھی اپنی محبت ایسی غالب کردے کہ ہم سو فیصد ان کے بن جائیں۔ دعا کیجیے کہ اﷲ تعالیٰ اپنی رحمت سے ہم سب کو اپنی محبت عطا فرمادے، اپنی خشیت عطا فرمادے۔ ہمارے قلب و جان کو اے اﷲ! اپنی ذاتِ پاک سے ایسا چپکا لیجیے کہ سارا عالم ہم کو آپ سے ایک اعشاریہ بھی دور نہ کرسکے، نہ حسن کا، نہ وزارتِ عظمیٰ کی کرسیوں کا عالم، نہ دولت کی گڈیوں کا عالم، نہ سونے چاندی کا عالم، غرض جتنے بھی عالم ہیں اے اﷲ! کوئی ہمیں آپ سے دور نہ کرسکے۔ اے اﷲ! ہمارے قلب و جاں کو اپنی ذاتِ پاک کے ساتھ اس طرح چپکا لیجیے جس طرح ماں اپنے بچے کو چپکاتی ہے، لیکن ماں غنڈوں کے مقابلے میں کمزور پڑ جاتی ہے لیکن اے اﷲ! دنیا کے کسی غنڈے کے مقابلے میں آپ کی طاقت کمزور نہیں پڑسکتی اس لیے آپ ہم سب کی حفاظت کا ارادہ فرمالیجیے، ہم سب کو سو فیصد اپنا بنانے کا فیصلہ فرمالیجیے، ان خادمین کے صدقے جو آپ کی محبت لے کر مختلف ضلعوں، مختلف علاقوں، مختلف زبانوں اور مختلف صوبوں سے آئے ہیں اور اے خدا! صرف آپ کے نام پر جمع ہوئے ہیں اور آ پ کے نام سے بڑھ کر اجتماع کس بات پر ہوسکتا ہے اس لیے آپ اپنی رحمت سے ہم سب کے لیے فیصلہ فرمادیجیے، دست بکشا جانبِ زنبیلِ ما، اے اﷲ! اپنا دستِ کرم بڑھائیے، اپنے کریم ہونے کے صدقے میں ہم سب کو اپنی حفاظت میں لے لیجیے، ہم اپنی دناء تِ طبع کے باعث آپ کا نہ بھی بننا چاہیں تو بھی ہمیں اپنا بنا لیجیے، مستورات و خواتین کو اﷲ والی اور ہم سب کو اﷲ والا بنا دیجیے، ہمارے دنیا کے غم دور فرمادیجیے اور ہمیں سکونِ قلب سے اپنا نام لینے کی سعادت اور توفیق عطا فرمادیجیے۔ اے اﷲ! ہم زیادہ دیر مانگ بھی نہیں سکتے، تھوڑی سی دیر میں تھک جاتے ہیں اس لیے آپ بغیر مانگے ہی اپنی رحمت سے دنیا اور آخرت کی ساری خیر ہمیں عطا فرما دیجیے، آمین۔ وَاٰخِرُدَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی خَیْرِخَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ اَجْمَعِیْنَ بِرَحْمَتِکَ یَااَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ