ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مئی 2015 |
اكستان |
|
علمی مضامین سلسلہ نمبر ٣ ''خانقاہِ حامدیہ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے محدث ، فقیہ، مؤرخ، مجاہد فی سبیل اللہ،مؤلف کتب کثیرہ شیخ الحدیث حضرت اَقدس مولانا سیّد محمد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم مضامین جو تاحال طبع نہیں ہوسکے اُنہیں سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ اُن کی نوع بنوع خصوصیات اِس بات کی متقاضی ہیں کہ اِفادۂ عام کی خاطر اُن کو شائع کردیا جائے۔ اِسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اَخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ) رُوح کیا ہے ؟ ( حضرت اَقدس مولانا سیّد محمدمیاں صاحب رحمة اللہ علیہ ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں آپ نے تحریر فرمایا ہے : رُوح کے معاملہ میں اِسلام کا نقطۂ نظر کیا ہے ؟ اِس کا جواب تو یہ ہے کہ اِسلام کا نقطۂ نظر وہ ہے جو نص ِ قرآن سے ثابت ہے اِرشادِ ربانی ہے ( یَسْئَلُوْنَکَ عَنِ الرُّوْحِ ) '' آپ سے پوچھتے ہیں رُوح کو'' جواب کے لیے آنحضرت ۖ کو ہدایت ہے ( قُلِ الرُّوْحُ مِنْ اَمْرِ رَبِّیْ) پس یہ مختصر جواب ہی حقیقی جواب ہے اور یہی اِسلام کا نقطۂ نظر ہے اِس سے زیادہ وضاحت اِس لیے نہیں ہو سکتی کہ تمہارا علم بہت محدود ہے۔ اِس مختصر جواب کی تفصیل یہ ہے کہ رُوح کے وجود سے اِنکار نہیں ہے لیکن اِس کی حقیقت کا اِظہار اِس سے زیادہ نہیں ہوسکتا کہ (١) وہ حادِث ہے اِس کا حدوث اَمرِ رب سے ہوا لہٰذا وہ قدیم نہیں ہے۔