Deobandi Books

محبت الہیہ کے ثمرات

ہم نوٹ :

33 - 38
قریب جلتے ہوئے دل کے اپنا دل کردو
یہ آگ لگتی نہیں  ہے  لگائی  جاتی  ہے
کسی اللہ والے کے دل سے اپنا دل ملاکر دیکھو، ان شاء اللہ!  آہستہ آہستہ آپ کا دل بھی اللہ والا دل بن جائے گا۔ اللہ والوں کے دل میں اللہ تعالیٰ  کا جو دردِ محبت ہے وہ آپ کے دل میں منتقل ہوجاتا ہے۔ اسی کو خواجہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ   ؎
جو آگ کی خاصیت وہ عشق کی  خاصیت 
اک خانہ بہ خانہ ہے اک سینہ بہ سینہ ہے
دنیا کی آگ گھر سے گھر میں لگتی ہے، خدا کی محبت کی آگ سینہ سے سینہ میں منتقل ہوتی ہے۔
اب دعا کیجیے اللہ تعالیٰ عمل کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ ہمارے تینوں بزرگوں کی برکت سےیعنی مولانا شاہ محمد احمد صاحب دامت برکاتہم، مولانا  شاہ عبدالغنی صاحب  رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا شاہ ابرار الحق صاحب دامت برکاتہم کے صدقے میں جن کی خدمت کرنے کے لیے اللہ نے اپنی رحمت سے میری جوانی کو پیش کرنے کی مجھے توفیق دی، قبولیت کا علم تو اللہ کو ہے لیکن یہ دعا کرتا ہوں کہ اے اللہ! اگرچہ ان اللہ والوں کا حق خدمت مجھ سے ادا نہیں ہوا مگر آپ کریم ہیں، نالائقوں پر بھی فضل فرماتے ہیں۔اے اللہ! ہمارے ان تینوں بزرگوں کی برکت سے میری تقریر کو قبول فرمالیں، میری گزارش کو قبول فرمالیں، اختر کے سینے کو اپنے دردِ محبت سے بھر دیں، میرے دوستوں نے جنہوں نے یہ باتیں سنی ہیں ان کے سینوں کو بھی اپنے دردِ محبت         سے بھر دیں۔
 اے اللہ! اختر کو، ہم سب کو  اولیائے صدیقین میں شامل فرمالیں، ہمارے مزاج کو بدل دیں یعنی ہمارا مزاج آپ کی محبت سے مانوس ہوجائے، لَا اِلٰہ کے ذریعے ہمارے قلب سے غیراللہ کو، تمام  باطل خداؤں  کو دور کردیں اور اِلَّااللہُ کے نور سے ہمارے دلوں کو منور کردیں۔ اے اللہ! ہم سب کو اللہ والا بنا دیں،اللہ والوں کی صحبتیں نصیب فرمادیں اور  ان کے ساتھ ہمیں نہایت عاشقانہ والہانہ تعلق عطا فرمادیں،ان کے ناز اٹھانے کی توفیق نصیب فرمادیں، ان کی محبت ہمارے دل کی گہرائیوں میں عطا فرما دیں۔
Flag Counter