Deobandi Books

محبت الہیہ کے ثمرات

ہم نوٹ :

14 - 38
ظاہر و باطن دونوں متبع شریعت ہونا چاہیے
جو یہ کہتا ہے کہ داڑھی دل میں ہونی چاہیے، چاہے باہر ہو یا نہ ہو،یہ طبقہ بھی صحیح نہیں ہے۔ جب یہ کیلا خریدتے ہیں تو کہتے ہیں اس کا چھلکا سڑا ہوا ہے ہم نہیں لیں گے۔ کیلے والا کہتا ہے کہ اندر تو صحیح ہے۔ تو کہتے ہیں کہ اندر لاکھ صحیح ہو مگر ہم تو باہر بھی صحیح چاہتے ہیں۔  سیب والے کی ریڑھی پر گئے تو سیب کا چھلکا کچھ خراب تھا تو کہتے ہیں ہم یہ نہیں لیں گے۔ وہ کہتا ہے کہ صاحب آپ تو کہہ رہے تھے کہ اندر صحیح ہونا چاہیے،جیسے  آپ کے دل میں داڑھی ہے،یہ سیب بھی اندر سے صحیح ہے بس باہر سے چھلکا ہی تو خراب ہے۔  تو کہتا ہے کہ نہیں بھئی، باہر بھی ٹھیک ہو اور اندر بھی ٹھیک ہو:
وَ ذَرُوۡا ظَاہِرَ الۡاِثۡمِ وَ بَاطِنَہٗ5؎
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ظاہری گناہ بھی چھوڑو اور باطنی گناہ بھی چھوڑو۔
اگر پاکستانی فوجی انڈین فوج کی وردی پہن لے تو بتائیے حکومتِ پاکستان اس کو معاف کرسکتی ہے؟ وہ لاکھ کہے کہ میں آپ کا دل سے وفادار ہوں لیکن وردی انڈین فوج کی پہنوں گا۔ کیا حکومتِ پاکستان اس کو تسلیم کرے گی؟ 
یہ کیا بات ہوئی کہ دل میں کلمہ ہے لیکن وردی یہودی کی ہوگی، اسرائیل کی ہوگی، روسیوں کی ہوگی۔ لہٰذا  ظاہر بھی اللہ کا فرماں بردار ہونا چاہیے،باطن بھی اللہ کا فرماں بردار ہونا چاہیے۔  دل سے دعا مانگو ان شاء اللہ! قبول ہوجائے گی، یہ دعا تو کرلو کہ اے اللہ! مرنے سے پہلے پہلے اپنے نبی کی سنت  بناکر پھر ہمارا جنازہ قبر  میں اتاریے گا۔ اللہ تعالیٰ سے دل سے  تو مانگو کہ اے خدا !قبر میں جنازہ اتارنے سے پہلے پہلے سر سے لے کر پیر تک سنت کے مطابق میرا حلیہ بنادیجیے گا تاکہ قیامت کے دن آپ سے یہ کہہ سکوں کہ  ؎
تیرے  محبوب  کی یا  رب  شباہت  لے  کے  آیا  ہوں
حقیقت اس کو تو  کردے میں صورت لے کے آیا ہوں
_____________________________________________
5؎   الانعام:120
Flag Counter