اس وعظ کا تعارف
اکابرعلماء کا اس پر اتفاق ہے کہ اصلی مرید وہ ہے جس کے دل کی مراد اور منزل اللہ ہو اور وہ اس منزل تک رہنمائی کے لیے کسی اللہ والے کو اپنا رہنما بنائے۔ بس یہی اصلی پیری مریدی ہے۔ پیری مریدی جو بدنام ہوئی ہے وہ ان جعلی پیروں کی وجہ سے ہوئی ہے جنہوں نے مریدین اور متعلقین کو شریعت و سنت کا پابند رکھنے کی بجائے اپنے حلوے مانڈے اور نذرانے کے لیے وظیفوں، قوالیوں اور عرسوں ہی میں مشغول کر رکھا ہے۔
شیخ العرب والعجم عارف باللہ مجدد زمانہ حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے وعظ ’’اصلی پیری مریدی کیا ہے؟‘‘ میں پیری مریدی اور تصوف کی شرعی حیثیت قرآن و سنت کی روشنی میں نہایت مدلل انداز میں وضاحت کے ساتھ بیان فرمائی ہے اور آج کل کے جعلی پیروں کی غیر شرعی رسومات و بدعات اور نقلی خانقاہوں کی حقیقت بھی تفصیل کے ساتھ ذکر فرمائی ہے۔