ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
ہمارے حضرات رازی و غزالی سے کم نہ تھے ( ملفوظ 572 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ لوگ کہتے ہیں کہ رازی اور غزالی پیدا ہونا بند ہو گئے مگر بالکل غلط ہے ہمارے حضرات رازی اور غزالی سے کم نہ تھے علوم میں بھی کمال میں بھی بات یہ ہے کہ حیات میں قدر نہیں ہوتی مر جانے کے بعد رحمۃ اللہ علیہ اور پچاس برس گزر جانے کے بعد قدس سرہ ہو جاتے ہیں اور اس تماثل کے معلوم ہونے کا بڑا اچھا معیار ہے ان کی تحقیقات کو بھی دیکھ لیا جائے اور ان حضرات کو بھی اس سے معلوم ہو جائے گا ۔ 10 ذی الحجہ 1350 ھ مجلس خاص بوقت صبح بعد نماز عیدالاضحی 7 بجے یوم یکشنبہ ایک جگہ نماز ہو جانا قربانی کیلئے کافی ہے ( ملفوظ 583 ) ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت جو لوگ یہاں مسجد خانقاہ میں نماز نہیں پڑھ سکتے وہ عید گاہ میں پڑھیں گے وہاں بعد میں ہوتی ہے کیا وہ لوگ نماز عید گاہ کے قبل قربانی کر سکتے ہیں فرمایا ہاں کر سکتے ہیں نماز ہو جانا چاہئے جہاں تعداد ہو ایک جگہ نماز ہو جانا کافی ہے قربانی کر سکتے ہیں ۔ کیر بنیاد کدام مذہب است ( ملفوظ 584 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک گستاخ ہندو نے فارسی میں ایک کتاب منظوم لکھی ہے اس میں فتنہ پر اعتراض کیا ہے کہ یہ مسلمانوں کے شعار سے ہے تو گویا ان کے مذاہب کی اس پر بنیاد ہے اور بدتہذیبی سے یہ مصرع لکھا ہے " یقینم شد کہ بر کیر است بنیاد مسلمانی " ایک صاحب نے نظم ہی میں اس کی کتاب کا جواب لکھا ہے چنانچہ اس تمسخر کا یہ جواب دیا ہے کہ کوئی اپنی بنیاد کو قطع نہیں کیا کرتا بنیاد تو اس پر تمہارے مذہب کی ہوئی کہ اس کو باقی رکھتے ہو نہایت لطیف جواب ہے وہ شعر مجھ کو یاد نہیں رہا مضمون یاد رہ گیا ۔