ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
خواستگار ہوں آئندہ ایسی بیہودہ حرکت نہ کروں گا ، اس پر حضرت والا نے کچھ سکوت کے بعد فرمایا ، اچھا کہو زبانی جو کہنا ہے کیا کہتے ہو ، عرض کیا کہ صبح جو پرچہ لیٹر بکس میں ڈالا تھا اس میں غلطی ہو گئی تھی ۔ دریافت فرمایا کیا غلطی ہو گئی تھی سب بات پوری بیان کرو مجھے بات یاد نہیں ، عرض کیا کہ میں نے اس پرچہ میں یہ لکھ دیا تھا کہ اگر آپ کی خوشی ہو مرید کر لیں دریافت فرمایا تو کیا لکھنا چاہیے تھا ، عرض کیا کہ یہ لکھنا چاہیے تھا کہ میری خوشی ہے کہ مرید کر لیں ، فرمایا غلطی کو کیا خاک سمجھے ، سوچ سمجھ کر معقول جواب دو ، گھبراؤ نہیں اس پر وہ صاحب خاموش رہے ، فرمایا کہ دریافت کرنے پر خاموش رہنا اور جواب نہ دینا خود ایک مستقل غلطی ہے کوئی باریک بات تو نہیں پوچھتا یہ پوچھ رہا ہوں کہ کیا مضمون ہونا چاہیے تھا جب تم نے یہ محسوس کر لیا کہ ایسا لکھنا غلطی ہے تو پھر کیا لکھنا چاہیے تھا اس کا جواب تم نہیں دیتے عرض کیا مجھ کو مہلت دی جائے ، پھر کسی وقت سوچ سمجھ کر جواب دوں گا ، فرمایا کہ خیر یہ بھی ایک جواب ہے یہی اول بار میں کہہ دیا ہوتا کہ اتنی دیر دوسرا منتظر تو نہ رہتا خیر پھر یہی جواب دیجئے گا ، باقی اس سے بے فکر رہو کہ مجھ کو انتظار جواب کا نہ ہو گا اس لیے کہ غرض تمہاری ہے اگر جواب معقول ہو تو مجھ سے بیان کیجئے گا ورنہ نہیں اس لیے کہ صبح سے دو مرتبہ دق کر چکے ہو اب کی مرتبہ اگر گڑبڑ کی تو میں صاف کہے دیتا ہوں کہ تغیر ہو گا اور پھر میں ویسا ہی برتاؤ کروں گا ۔ جیسا گڑبڑ کرنے والوں کے ساتھ کیا کرتا ہوں ، یہ فرما کر دریافت فرمایا کہ جو کچھ میں نے اس وقت کہا آپ نے اچھی طرح اس کو سمجھ لیا ، عرض کیا جی سمجھ گیا فرمایا کہ بات ختم ہو چکی یا اور کچھ کہنا ہے اگر کہنا ہو کہہ لو ورنہ پھر میں اپنے کام میں مشغول ہوتا ہوں ، آج ڈاک میں خطوط بھی زائد ہیں ان کو ختم کرنا ہے عرض کیا کہ اور کچھ نہیں کہنا ، فرمایا چلو چھٹی ہوئی ۔ جس کو ہو جان و دل عزیز اس کی گلی میں جائے کیوں ( ملفوظ 238 ) ایک گاؤں کا رہنے والا شخص بہت دیر سے مجلس میں بیٹھا ہوا تھا ، دفعتا اٹھا اور اہل مجلس کے کاندھوں پر کو پھاندتا ہوا حضرت والا کے قریب آ کر بیٹھا دریافت فرمایا کہ کچھ کہنا ہے عرض کیا کہ آپ کی زیارت کو آیا ہوں ، فرمایا کہ زیارت تو ہو گئی مگر جس کام کو آئے ہو وہ تو بھی کہہ لو ، عرض کیا کہ اور کچھ نہیں کہنا فرمایا کہ تم کو اختیار ہے اس وقت تو میں