ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
اصل چیز بیعت نہیں اتباع ہے ( ملفوظ 291 ) ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ بیعت میں کیا رکھا ہے اصل چیز تو اتباع ہے اتباع میں بیعت سے بھی زیادہ قوی علاقہ ہو جاتا ہے اور میں تو تجربہ کی بناء پر کہتا ہوں کہ بعض لوگوں کو بیعت مضر ہوتی ہے اس لیے کہ بعض طبیعتیں ایسی ہوتی ہیں کہ وہ مرید ہو کر بے فکر ہو جاتے ہیں ۔ 14 ذیقعدہ 1350 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم چہار شنبہ سلیقہ خدا داد چیز ہے ( ملفوظ 292 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ سلیقہ خدا داد چیز ہے انگریزی عربی پر موقوف نہیں جس کو خدا تعالی عطا فرما دیں ۔ شیروانی میں شیر گرگابی میں گرگ ( ملفوظ 293 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ لباس کا بھی اثر ہوتا ہے اخلاق پر ۔ میں تو کہا کرتا ہوں کہ شیروانی میں شیر ہے گرگابی میں گرگ ہے سر سے پاؤں تک درندوں میں لپٹے ہوئے ہوتے ہیں ۔ ثقہ لوگوں کو ایسے لباس سے اجتناب ضروری ہے ۔ نسب اطہر کے بارے میں سیوطی کی تحقیق ( ملفوظ 294 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ جلال الدین سیوطی نے تو ثابت کیا ہے کہ حضور کے آباء اور اجداد سب کے سب حضرت آدم علیہ السلام تک کوئی بھی کافر نہ تھا ۔ گو وہ روایات ضعیف ہیں اور جمہور علماء کا مذہب اس کے خلاف ہے مگر اس پر سب کا اجماع ہے کہ کسی کی گستاخی یا بد زبانی نہ کرنی چاہیے ۔ سادگی عظمت کی دلیل ہے ( ملفوظ 295 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ سلاطین کی خوبیوں میں اس سے اس کو تو شمار کیا گیا کہ وہ سادہ لباس پہنتے تھے مگر مؤرخین نے یہ کہیں نہیں لکھا کہ سو روپیہ گز کا کپڑا پہنتے تھے ۔