ملفوظات حکیم الامت جلد 2 - یونیکوڈ |
پر جان کا خوف ، طاعون سے بھی زیادہ ہے تو میدان میں رہنا تو خلاف عقل نہیں اور طاعون میں رہنا خلاف عقل ہے وہ سمجھ گئے میں نے کہا کہ بادشاہ مجازی کو 30 روپیہ تنخواہ دے کر حق حاصل ہے کہ وہ جان کا مالک بن جائے اور حق تعالی کو پیدا کر کے بھی یہ حق نہ ہو اس جواب پر بہت مسرور ہوئے ، پوری تسلی ہو گئی اور بہت ہی خوش ہوئے ۔ ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ وہاں تو احتمال بہت ضعیف ہوتا ہے کہ جان بچا کر آ جاؤں گا بلکہ اگر یقینا معلوم ہو جائے کہ گولی سے مار دیا جائے گا تب بھی کوئی نہ سنے گا کہ مجھ کو یقین ہو گیا کہ مارا جاؤں گا ، بھاگ جانے کو جرم ہی قرار دیا جائے گا اور طاعون میں تو یہ یقین بھی نہیں ۔ صفات باری تعالی میں افعال مراد ہے ، مبادی اور انفعالات مراد نہیں ( ملفوظ 401 ) ایک مولوی صاحب کے اس سوال کے جواب میں کہ جب اللہ تعالی بندوں کو معذب دیکھیں گے کیا ان کو رحم نہ آئے گا جبکہ ہم کو رحم آ جاتا ہے ؟ فرمایا کہ رحیم ہونے کے معنی یہ ہیں کہ اپنے بندوں کے ساتھ اپنے ارادہ سے لطف کا معاملہ کرتے ہیں یہ نہیں کہ وہ مخلوق کی طرح کسی کی تکلیف دیکھ کر متاثر ہوتے ہیں اسی لیے علماء نے کہا ہے کہ ان صفات میں افعال مراد ہیں نہ کہ مبادی ۔ بس وہاں انفعالات نہیں محض افعال ہیں معترض نے اپنے اوپر قیاس کر لیا ، یہ درسیات تمام شبہات کے لیے بالکل کافی ہیں اگر سمجھ کر پڑھ لے سب ظلمات و شبہات دور ہو جائیں ۔ چنانچہ مبادی کا مراد نہ ہونا افعال کا مراد ہونا صریح الفاظ میں کتابوں میں موجود ہے مگر سمجھ کر نہیں پڑھتے ۔ حضرت عمر فاروق کا سارے ملک کو درسگاہ بنا دینا ( ملفوظ 402 ) ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے ایک قانون مقرر کر کے کیا اچھا انتظام کیا تھا کہ سارے ملک کو درسگاہ بنا دیا تھا وہ یہ کہ انہوں نے حکم دیا تھا کہ بازار میں بجز ایسے شخص کے کسی کو بیٹھنے کی اجازت نہیں جو مسائل فقیہ جانتا ہو ۔ مطلب یہ تھا کہ جو خریدار ان سے معاملہ کریں گے ان کو بھی مسائل سے آگاہی ہو جائے گی ۔ اس طرح