امام ابوحنیفہ :اضطرار کی حالت میں بقدرِ ضرورت شراب پی جاسکتی ہے ۔
ائمہ ثلاثہ :شراب نہیں پی جاسکتی ۔(الموسوعة الفقهية الكويتية:5/160)
(10)دسواں حکم :خمر کو سرکہ بنانا جائز ہے ۔
شراب کو سرکہ بنانے کے جوازو عدمِ جواز نیز اُس کے پاک اور حلال ہونے نہ ہونے میں ائمہ کا اختلاف ہے :
احناف : جائز ہے خواہ خود بخود بن جائے یا کوئی چیز ڈال کر بنائی جائے ، پس وہ سرکہ پاک اور
حلال ہوگا ۔
حنابلہ : جائز نہیں ، پس وہ سرکہ پاک اور حلال نہ ہوگا ، خواہ سرکہ خود بنے یا بنایا جائے ۔
مالکیہ : سرکہ بنانا جائز نہیں لیکن سرکہ بن جانے کے بعد پاک اور حلال ہوگا ، خواہ خود بنے یا
بنایاجائے ۔
شوافع : سرکہ بنانا جائز نہیں ، پس بنانے کی صورت میں وہ پاک اور حلال بھی نہ ہوگا ، ہاں!اگر از خود سرکہ بن جائے تو وہ پاک اور حلال ہوگا ۔(تحفۃ الالمعی :1/189)
اشربہ ثلاثہ کے احکام :
اشربہ ثلاثہ یعنی طِلاء ، سَکَر اور نقیع الزبیب کے پانچ احکام ہیں :
(1)پہلا حکم : اشربہ ثلاثہ پینا حرام ہے ۔
البتہ ان کی حرمت خمر کی حرمت سے کم ہے ، اِس لئے کہ ان کی حرمت اجتہادی جبکہ خمر کی حرمت قطعی ہے ۔