Deobandi Books

صفائی معاملات - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

5 - 33
مسئلہ:- بعض لوگ جب سنتے ہیں کہ خود رَو گھاس وغیرہ مملوک نہیں اور اس کا بیچنا درست نہیں ، تو وہ لوگ یہ حیلہ کرتے ہیں کہ اگر ہماری گھاس مملوک نہیں تو زمین تو ہماری مملوک ہے، ہم اپنی زمین میں دوسرے شخص کو نہیں آنے دیتے، ہم کو اختیار ہے، اور اس حیلہ سے گھاس روکتے ہیں۔ سو سمجھ لینا چاہئے کہ ایسی صورت میں حکمِ شرعی یہ ہے کہ اگر اپنی زمین میں کسی کو نہ آنے دے تو گھاس چھیل کر اس شخص کو دینا چاہئے۔ البتہ اگر دوسری پاس کی زمین سے اس کا کام چل سکے تو اس وقت روکنا جائز ہے۔ اگر وہ بھی روکے تو اس ظلم کے گناہ میں سب شریک ہوں گے۔
مسئلہ:- مردار کا کچا چمڑا اگر تازہ ہو تو اس کا بیچنا درست نہیں، اور اگر خشک ہوگیا ہو تو اس کا بیچنا درست ہے، کیونکہ خشک ہوجانا دباغت ہے۔ یہی حکم ہے مردار کی ہڈی اور بال وغیرہ کا، مگر آدمی اور خنزیر کی کھال وغیرہ کی بیع درست نہیں۔
مسئلہ:- بعض لوگ کوئی چیز مثل گائے ، بیل یا اور کچھ ایک معین قیمت سے خرید کرتے ہیں اور جب قیمت ادا نہیں ہوسکتی تو بائع کے ہاتھ اس چیز کو کچھ کم قیمت پر بیچ ڈالتے ہیں، یہ جائز نہیں۔ البتہ اگر ایسی ضرورت پیش آوے تو اس کا حیلہ یوں ہوسکتا ہے کہ اصل بائع مشتری کو تھوڑی دیر کے لئے معینہ سابق قیمت کے بقدر روپیہ بطور قرض دے دے اور مشتری اسی روپیہ کو اصل قیمت میں ادا کردے۔ اس کے بعد وہ چیز کم قیمت میں بائع کے ہاتھ بیچ ڈالے اور جو باقی رہے وہ اس کے ذمہ قرض رہے گا۔
مسئلہ:- اگر ایک مکان اس شرط پر فروخت کیا کہ ایک مہینے تک مثلاً خالی نہ کیا جاوے گا ، بلکہ بائع اپنے قبضے میں رکھے گا یہ شرط فاسد ہوگی، اور اس سے بیع بھی فاسد ہوجائے گی۔ البتہ اگر بیع میں یہ شرط نہیں ٹھہرائی بلکہ بیع بلا شرط رہی اور بعد بیع کے مشتری نے بخوشی بائع کو اجازت رہنے کی دے دی تو یہ درست ہے۔ اسی طرح جتنی شرطیں خلائے مقتضائے معاملے کے ہوں ان کا یہی حکم ہے۔
مسئلہ:- بعض لوگ صرف خریداروں کو دھوکا دینے کی غرض سے جھوٹ موٹ خریدار بن جاتے ہیں اور دام بڑھا کر کہہ دیتے ہیں تاکہ ناواقف پھنس جاوے، یہ فعل حرام ہے۔
مسئلہ:- دو شخص کسی سودے میں باہم گفتگو کر رہے ہیں، اور ایک قیمت پر دونوں رضا مندی ہوگئے، صرف ایجاب وقبول ہی کی کسر رہ گئی، ایسی حالت میں دوسرے شخص کو جائز نہیں کہ زیادہ قیمت لگاوے کہ ان کا سودا بگاڑ کر خریدے۔ البتہ ہنوز رضامندی نہیں ہوئی تو قیمت بڑھا دینا جائز ہے، جیسا کہ نیلام میں ہوتا ہے۔

Flag Counter