Deobandi Books

صفائی معاملات - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

27 - 33
کرتی، برہنہ ہو کر کمر وغیرہ ملوا لیتی ہے، یہ حرام ہے۔ البتہ اگر ناف سے گھٹنے تک کپڑا لپٹا ہو تو اس حالت میں عورت کو عورت کا بدن دیکھنا جائز ہے۔
مسئلہ:- کافر اور فاسق عورت سے بھی عورت کو مثل اجنبی کے پردہ کرنا واجب ہے، یعنی بجز چہرہ اور دونوں ہاتھ گٹے تک اور دونوں پاؤں ٹخنے کے نیچے تک، باقی بدن سر وبازو وغیرہ کھولنا اس کے رُوبرو ناجائز ہے۔
مسئلہ:- بعض عورتیں اپنے خالہ زاد یا پھوپھی زاد یا ماموں زاد بھائی یا بہنوئی یا دیور وغیرہ کے رُوبرو سر کھلے یا چھوٹی آستین پہنے ہوئے یا باریک کپڑے پہنے یا عطر و خوشبو لباس یا سرمہ میں بسائے ہوئے آجاتی ہیں، یہ بالکل حرام ہے۔
مسئلہ:- زید کا قرض بذمہ عمرو واجب ہے، اور وہ اس کو حرام آمدنی سے ادا کرنا چاہتا ہے، اور زید کو معلوم ہے تو اس کے لئے حلال نہ ہوگا۔ اسی طرح حرام آمدنی والے کے ہاتھ کوئی چیز فروخت کرنا اور اسی آمدنی سے قیمت لینا یا ایسے شخص کا کوئی کام کر کے ایسی آمدنی سے اجرت لینا ان سب کا یہی حکم ہے۔
مسئلہ:- غلّہ خرید کر بھر کر رکھنا اور باوجود مخلوق کو تکلیف کے نہ بیچنا اور زیادہ گرانی کا منتظر رہنا حرام ہے۔
مسئلہ:- اس زمانے میں بعض لوگوں نے پیرزادگی کو بھی ایک پیشہ بنا لیا ہے۔ کچھ مصنوعی تعویذ گنڈے یاد کر لئے، دوچار شعبدے سیکھ لئے، ٹھگنے کو پیری مریدی بھی شروع کردی، مریدوں سے فصلانہ اور دوسرے شخصوں سے بذریعہ مکرو فریب کے متفرق آمدنی حاصل کرتے ہیں،یہ پیشہ بدترین سب پیشوں کا ہے۔ البتہ اگر تعویذ و نقش موافق شرع کے ہو اور کوئی دھوکا بازی نہ کی جائے تو اس پر اُجرت لینا جائز ہے۔ اور اگر کسی شیخِ کامل نے پیری مریدی کی اجازت دی ہو تو بغرض ارشاد وہدایت کے بیعت لینا بھی درست ہے۔ اور جو خلوص سے کچھ دے قبول کرنا بھی درست ہے۔ مگر دنیا کے کمانے کے لئے یہ بھی نادرست ہے۔
پانی کے اَحکام
مسئلہ:- جس شخص کی مملوک زمین کنواں یا چشمہ یا حوض یا نہر ہو وہ دوسرے لوگوں کو پانی پینے سے یا جانوروں کو پانی پلانے ، یا وضو یا غسل وپارچہ شوئی کے لئے پانی لینے سے یا دس پانچ گھڑے بھر کر اپنے گھر کے ایک آدھ درخت یا کیاری میں پانی دینے سے منع نہیں کرسکتا، کیونکہ اس میں سب کا حق ہے۔ اور اگر اپنی زمین میں آنے سے روکنا چاہے تو دیکھا جائے گا کہ پانی لینے والے کا کام دوسری جگہ سے بآسانی چل سکتا ہے، مثلاً کوئی دوسرا کنواں وغیرہ قریب ہے یا اس کا کام بند ہوجائے گا اور تکلیف ہوگی۔ تو اگر 
Flag Counter