ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اکتوبر 2007 |
اكستان |
|
وفیات اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ٭ ١٥ ستمبر کو وفاق المدارس کے نائب صدر شیخ الحدیث حضرت مولانا حسن جان صاحب رحمہ اللہ کو پشاور میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ حضرت مولانا اپنی شخصیت اور عمل کی وجہ سے ہر دل عزیز تھے ہمہ وقت علمی خدمات سرانجام دیتے تھے اِس طرح کی غیر متنازع شخصیت کو اِس بے دردی سے قتل کرنے کی کوئی معقول توجیہ نہیں کی جاسکتی ۔حکومت ِ وقت کا فرض بنتا ہے کہ مولانا کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرتناک سزا دے بصورتِ دیگر عوام حکومت کو اِس قتل کا ذمّہ دار قرار دینے میں حق بجانب سمجھے جائیں گے۔ دُعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کی دینی خدمات کو قبول فرماکر آخرت کے بلند ترین درجات عطاء فرمائے اور اُن کے جاری کیے ہوئے دین کے کام کو اُن کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے، آمین۔ ٭ ١٥ شعبان کو ناڑی ضلع سرگودھا میں مولانا شیر محمد صاحب طویل علالت کے بعد انتقال فرماگئے۔ ٭ جامعہ مدنیہ کے فاضل اور مدرس مولانا حفیظ الرحمن صاحب کی والدہ طویل علالت کے بعد مؤرخہ ٥ستمبرکو وفات پاگئیں۔ ٭ ماسٹر ظفر صاحب کے والد صاحب مؤرخہ ١٠ستمبر کو وفات پاگئے۔ ٭ ١١ رمضان المبارک کو جامعہ مدنیہ جدید کے فاضل مولانا امجد الیاس صاحب کے والد صاحب اچانک وفات پاگئے۔ ٭ بھائی خلیل صاحب کی ہمشیرہ وسط ِرمضان میں طویل علالت کے بعد وفات پاگئیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے اور اُن کے پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطاء فرمائے۔ جامعہ مدنیہ جدید اور خانقاہِ حامدیہ میں جملہ مرحومین کے لیے ایصال ِ ثواب کرایا گیا اللہ تعالیٰ قبول فرمائے، آمین۔