ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اکتوبر 2007 |
اكستان |
|
درس حدیث حضرت ِاقدس پیر و مرشدمولانا سید حامد میاںصاحب کے مجلسِ ذکر کے بعد درسِ حدیث کا سلسلہ وار بیان ''خانقاہِ حامدیہ چشتیہ'' رائیونڈروڈلاہور کے زیرِانتظام ماہنامہ'' انوارِ مدینہ'' کے ذریعہ ہر ماہ حضرت اقدس کے مریدین اور عام مسلمانوں تک با قاعدہ پہنچا یا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت اقدس کے اِس فیض کو تا قیا مت جاری و مقبول فرمائے ۔(آمین ) اچھے بُرے اِنسان کی نشانی ( تخریج و تزئین : مولانا سےّد محمود میاں صاحب ) (کیسٹ نمبر 54 سائیڈ A 29-11-1985 ) الحمد للّٰہ رب العالمین والصلٰوة والسلام علٰی خیر خلقہ سیدنا ومولانا محمد وآلہ واصحابہ اجمعین امابعد ! اچھا اِنسان : حضرت ِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے یہ کہ جناب ِ رسول اللہ ۖ تشریف لائے تو کچھ لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ اُن کے پاس آکر آپ کھڑے ہوگئے وَقَفَ عَلٰی نَاسٍ جُلُوْسٍ اور یہ فرمایا اَلااُخْبِرُکُمْ بخَیْرِکُمْ مِنْ شَرِّکُمْ میں تمہیں یہ بتائوں کہ تم میں کون اچھا کون بُرا ہے؟ فَسَکَتُوْا تو لوگ خاموش ہوگئے کیونکہ ہر آدمی ڈرے گا کہ میری بُرائی ظاہر ہو اور میں سب کے مجمع میں بُرا بنوں۔ رسول اللہ ۖ نے یہ جملہ پھر دُہرایا لوگ پھر خاموش رہے پھر آپ نے تیسری بار فرمایا تو ایک شخص نے جواب میں عرض کیا کہ بَلٰی یَارَسُوْلَ اللّٰہِ اَخْبِرْنَا مِنْ خَیْرِنَا مِنْ شَرِّنَا جی ہاں! اے اللہ کے رسول ہمیں بتلائیے کہ کون بہتر ہے ہم میں اور کون بُرا ہے؟ اِرشاد فرمایا خَیْرُکُمْ مَّنْ یُّرْجٰی خَیْرُہ وَیُؤْمَنُ شَرُّہ تم میں بہترین آدمی وہ ہے کہ جس سے خیر کی اُمید کی جائے اور اُس کے شر سے مطمئن رہا جائے کہ اُس کا شر ہمیں نقصان دہ نہیں ہے اور وہ آدمی ایسا ہو کہ اُس سے دُوسروں کو نفع پہنچتا ہو نقصان نہ پہنچتا ہو وہ آدمی بہت اچھا ہے۔