نمازِ وتر میں قنوت کے لیے تکبیر کہنا اور دعائے قنوت پڑھنا۔
عیدین کی نمازوں میں زائد تکبیریں کہنا۔
نماز کے واجبات میں سے اگر کوئی واجب بھولے سے رہ جائے تو سجدہ ٔ سہو کرنے سے نماز درست ہوجائے گی، سجدۂ سہو نہ کرنے اور قصداً تر ک کرنے سے نماز کا لوٹانا واجب ہے۔
سنن نماز
تکبیر تحریمہ کہنے سے پہلے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھانا۔
دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو معمول کے مطابق کھلی اور قبلہ رخ رکھنا۔
تکبیر کہتے وقت سر کو نہ جھکانا۔
امام کا تکبیر تحریمہ اور ایک رکن سے دوسرے رکن میں جانے کی تمام تکبیریں بلند آواز سے کہنا۔
سیدھے ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر ناف کے نیچے باندھنا۔
ثناء پڑھنا۔
تعوذ یعنی اَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْمِ پڑھنا۔
تسمیہ یعنی بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ پڑھنا۔
فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں صرف سورہ فاتحہ پڑھنا۔
آمین کہنا
ثنا، تعوذ، تسمیہ اور آمین سب کا آہستہ پڑھنا۔
سنت کے مطابق قرأت کرنا یعنی نماز میں جس قدر قرآنِ مجید پڑھنا سنت ہے اتنا پڑھنا۔
رکوع اور سجدے میں تین تین بار تسبیح پڑھنا۔
رکوع میں سر اور پیٹھ کو ایک سیدھ میں برابر رکھنا اور دونوں ہاتھوں کی کھلی انگلیوں سے گھٹنوں کو پکڑ لینا۔
قومہ میں امام کا تسمیع یعنی سَمِعَ اللّٰهُ لِمَنْ حَمِدَہُ اور مقتدی کا تحمید رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ کہنا اور منفرد کا تسمیع اور تحمید دونوں کہنا۔
سجدے میں جاتے وقت پہلے دونوں گھٹنے، پھر دونوں ہاتھ، پھر ناک، پھر پیشانی رکھنا اور اٹھتے وقت اس کے برعکس عمل کرنا یعنی پہلے پیشانی، پھر ناک، پھر ہاتھ اور اس کے بعد گھٹنے اٹھانا۔
جلسہ اور قعدہ میں بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھنا اور سیدھے پاؤں کو اس طرح کھڑا رکھنا کہ اس کی انگلیوں کے سرے قبلہ رخ ہوں اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھنا۔
تشہد میں اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ پر شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنا اور اِلَّا اللّٰهُ پر انگلی گرا دینا۔
قعدۂ اخیرہ میں تشہد کے بعد درودِ ابراہیمی پڑھنا۔
درود اِبراہیمی کے بعد دعا پڑھنا۔
پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیرنا۔
مستحباتِ نماز
نماز میں درج ذیل اُموربجا لانا مستحب ہے:
قیام میں سجدہ کی جگہ نگاہ رکھنا، رکوع میں قدموں پر نظر رکھنا، سجدہ میں ناک کی نوک پر نظر رکھنا، قعدہ میں گود پر نظر رکھنا۔
ركوع و سجدے مىں منفرد کو تىن مرتبہ سے زىادہ تسبىح کہنا۔
جمائی کو آنے سے روکنا، نہ رکے تو حالتِ قیام میں دائیں ہاتھ سے منہ ڈھانک لیں اور دوسری حالتوں میں بائیں ہاتھ کی پیٹھ سے۔
مرد تکبیر تحریمہ کے لیے کپڑے سے ہاتھ باہر نکالیں اور عورتیں اندر رکھیں۔
کھانسی روکنے کی کوشش کرنا۔
مفسدات نماز
نماز مىں کلام کرنا چاہے قصدا ہو ىا بھول کر، تھوڑا ہو ىا بہت ہر صورت مىں نماز ٹوٹ جاتى ہے
سلام کرنا ىعنى کسى شخص کو سلام کرنے کے قصد سے سلام ىا السلام علىکم ىا اسى جىسا کوئى اور لفظ کہہ دىنا۔
سلام کا جواب دىنا ىا چھىنکنے والے کو يَرْحَمُكَ اللّٰهُ ىا نماز سے باہر والے کسى شخص کى دُعا پر آمىن کہنا۔
کسى بُر ى خبر پر ِانَّالِلّٰهِ وَاِنَّآ اِلَيْہِ رٰجِعُوْنَ پڑھنا ىا کسى اچھى خبر پر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ كہنا ىا کسى عجىب خبر پر سُبْحَانَ اللّٰہِ کہنا
بىمارى اور درد ىا رنج کى وجہ سے آہ، اوہ ىا اُف کہنا۔
اپنے امام کے سوا کسى دوسرے کو لقمہ دىنا ىعنى قرأت بتانا۔
قرآن شرىف دىکھ کر پڑھنا۔
قرآن شرىف پڑھنے مىں کوئى سخت غلطى کرنا۔