Deobandi Books

اللہ کی دوستی کیسے حاصل ہو ؟

ہم نوٹ :

24 - 34
فرما رہے ہیں کہ میرا بندہ نیک ہوگیا، اگر آپ ہم کو نیک نہیں بنائیں گے تو فرشتے کیا کہیں گے، آپ اپنی بشارت کی لاج رکھتے ہوئے ہم سب کو نیک بنادیں۔ آپ دعا بھی کریں اور اللہ والوں کے پاس بھی رہیں اور اللہ والوں سے دوستی بھی رکھیں۔ 
آج میں نے آپ کولَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ کا وظیفہ دے دیا، ان شاء اللہ تعالیٰ اس کی برکت سے آپ روز بروز اللہ والے بنتے چلے جائیں گے۔ اور ایک سو گیارہ مرتبہ کیوں بتایا؟ کیوں کہ ایک سو گیارہ اﷲ کے اسم کَافِیْ کا ابجد ہے،یہ اللہ تعالیٰ کا ایک نام ہے، ان شاء اللہ یہ وظیفہ آپ کے لیے کافی ہو جائے گا اور اوّل آخر درور شریف اس لیے پڑھو کیوں کہ درود شریف کے بغیر کوئی عمل قبول نہیں ہوتا، اوّل آخر تین، پانچ، سات یا گیارہ دفعہ درود شریف پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے اس مضمون سے دعا مانگو کہ یا اﷲ! ہمیں آپ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بشارت دی کہ جولَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ پڑھتا ہے، اللہ تعالیٰ فرشتوں کو اور پیغمبروں کی روحوں کو جمع کرکے فرماتا ہے کہ میرا بندہ نیک ہوگیا۔ اے خدا! جب آپ روزانہ یہ بشارت دے رہے ہیں تو اپنی بشارت کی لاج بھی رکھ لیں، اگر ہم شیطان کے شیطان رہے تو فرشتے کہیں گے کہ اللہ میاں! آپ تو روزانہ بشارت دیتے ہیں لیکن یہ تو ویسے کا ویسا ہی نالائق ہے، اس لیے اپنی بشارت کے صدقے میں آپ مجھے لائق بنادیجیے۔ رو رو کر دعائیں مانگو اور اللہ والوں کے ساتھ رہو، ان کی صحبت میں رہو، ان شاء اللہ آپ روز بروز بدلتے چلے جائیں گے، پھر    ولی اللہ بن کر یہ شعر پڑھیں گے؎
تو نے مجھ کو  کیا سے کیا  شوقِ فراواں کردیا
پہلے جاں پھر جانِ جاں پھر جانِ جاناں کردیا
آپ خوددیکھیں گے کہ پہلے میں کیا تھا اور اب کیا ہورہا ہوں۔ آپ کا دل کہے گا کہ پہلے تو ہم ہروقت پاگلوں کی طرح، کتے کی طرح غلاظت تلاش کرتے تھے کہ کوئی نمکین لونڈا ملے، کوئی نمکین لونڈیا ملے، کوئی حسین لڑکا ملے، کوئی حسین لڑکی ملے لیکن اب میرے قلب کو کیا ہوگیا، اﷲ نے اپنی یاد کی حلاوت سے نوازا اور لومڑی کو شیرانہ ہمت دی، یہ میں کیا سے کیا ہورہا ہوں۔ آپ خود تعجب کریں گے کہ میں کیا سے کیا ہوگیا۔
Flag Counter